حکو مت نے قدرتی آفات ، حادثات و سانحات میں جاں بحق ہونے والے متوفیان کے پسماندگان کی مالی امداد 5 سے بڑھا کر 8لاکھ روپے کرنے کی منظوری دے دی

پیر 17 جولائی 2017 14:47

حکو مت نے قدرتی آفات ، حادثات و سانحات میں جاں بحق ہونے والے متوفیان ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) حکو مت نے قدرتی آفات یا اچانک حادثات و سانحات میں جاں بحق ہونے والے متوفیان کے پسماندگان کی مالی امداد 5 سے بڑھا کر 8لاکھ روپے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔جس کے تحت اگر آئندہ کوئی شخص کسی قدرتی آفت ، اچانک سانحہ یا کسی بڑے افسوسناک حادثہ میں زندگی کی بازی ہار گیا تو اس کے پسماندگان کی اشک سوئی کیلئے متاثرہ خاندان کو 5 لاکھ روپے کی بجائے اب 8لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں جاری کئے گئے سرکلر میں مزید بتا یا گیا ہے کہ اگراسی قسم کے واقعات میں کوئی شخص شدید زخمی ہوا تو اسے ایک لاکھ روپے کی بجائے تین لاکھ روپے اور کم زخمی ہونے والے کو پچاس ہزار کی بجائے ایک لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔انہوںنے مزید کہا کہ سیلابی صورتحال یا شدید بارشوں کے دوران کسی مویشی کی ہلاکت پر بیس ہزار روپے اور کوئی گھر گر جانے پر چالیس ہزار کی بجائے ایک لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ قبل ازیں جزوی طور پر گھروں کو پہنچنے والے نقصان کا کوئی معاوضہ نہیں دیا جاتا تھا تاہم اب اس ضمن میں بھی چالیس ہزار روپے فی گھر مالی معاونت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :