نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا مون سون کے دوران کسی بڑے حادثہ یا ناگہانی واقعہ سے بچنے کیلئے شعور و آگاہی مہم کا آغاز کر دیا

پیر 17 جولائی 2017 14:47

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا مون سون کے دوران کسی بڑے حادثہ یا ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون کے دوران کسی بڑے حادثہ یا ناگہانی واقعہ سے بچنے کیلئے شعور و آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس مقصد کے لئے موبائل ٹیلی فون میسیجنگ سروس و تشہیری مہم کے ذریعے لوگوں کو بارشوں کے دوران گھروں کی حفاظت کا مکمل انتظام کرنے کی ہدائت کی گئی ہے ۔

ا س سلسلہ میں جاری کئے گئے این ڈی ایم اے کے پیغامات میں کہا گیا ہے کہ چونکہ حالیہ بارشوں اور مون سون کے دوران آنے والے ایام میں گزشتہ معمولات کی نسبت زیادہ بارشوں کا امکان ہے لہٰذا شہری شدید بارشوں کے دوران ایسے مکانات یا گھروں و دیگر عمارات میں رہائش نہ رکھیں جو خستہ حال ہوں اور ان کے گرنے کے خطرات ہوں ۔این ڈی ایم اے کے ذرائع نے کہا کہ شہری مون سون کے دوران نئی عمارات کی تعمیر اور پرانی عمارات میں توسیع کیلئے بیسمنٹ کی کھدائی سے گریز کریں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ زیر تعمیر اور مخدوش عمارتوں کے ساتھ بھی کھدائی نہ کی جائے نیز اگر بارشوں کے دوران گھروں کی چھتوں پر پانی جمع ہو جائے تو فوراً نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ بوسیدہ و کچے مکانا ت میں رہنے والے افراد محفو ظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ ان کے جان و مال کا خطرہ نہ رہے۔دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے بھی اس ضمن میں ایک خصوصی ہیلپ لائن قائم کر دی ہے اور کہا ہے کہ شہری مخدوش عمارات کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1129پر یا اپنے ضلع کے ڈپٹی کمشنر آفس کو فراہم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :