میرپور بورڈ کی سالانہ تقریب تقسیم و انعامات و اعزازات کی تقریب کل ہوگی

پیر 17 جولائی 2017 14:08

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) آزاد جموں وکشمیر انٹرمیڈیٹ وسیکنڈری ایجوکیشن بورڈ میرپور کی سالانہ تقریب تقسیم و انعامات و اعزازات بابت سال 2016؁ء 18جولائی 2017؁ء بروز منگل بوقت 10:30بجے صبح منعقد ہو رہی ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ہوں گے۔ تقریب کااہتمام ہلٹن میرج ہالز میں کیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بورڈ آفیسران کا اجلاس زیر صدارت پروفیسر محمد ظہیر چوہدری چیئرمین بورڈ منعقد ہو ا۔ اجلاس میں تمام معاملات کو حتمی شکل دی گئی ۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر محمد ظہیر چوہدری کے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اعزازات ایک اسٹیٹ لیول فنکشن ہوتا ہے اور جناب وزیراعظم کی شرکت سے اس تقریب کو مزید چار چاند لگ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تمام ملازمین بورڈ تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو مظاہرہ کریں۔دریں اثناء تعلیمی بورڈ میرپور کے ترجمان نے آج ایک پریس ریلیزجاری کرتے ہوئے امتحانات انٹرمیڈیٹ ومیٹرک 2016؁ء کے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات اور اُن کے والدین کومطلع کیا ہے کہ اُن کو تقریب میں شرکت کیلئے بذریعہ فون اور مراسلہ دعوت دے دی گئی ہے تاہم اگر کسی پوزیشن ہو لڈر طالبعلم کو اطلاع نہ ملی ہو تو وہ 18جولائی 2017بروز منگل براہ راست ہلٹن میرج ہالز منگلا پہنچ جائے۔