کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کے پرامن حل کی بنیاد فراہم کرتی ہیں،انتونیو گوترس

عالمی ادارہ کشمیر بارے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے دختران ملت کا کشمیر بارے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے بیان کا خیرمقدم

پیر 17 جولائی 2017 13:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت نے کشمیر بارے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترس کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارے کی کشمیر بارے منظور کردہ قراردادیں دیرینہ مسئلہ کشمیر کے پر امن اور بہترین حل کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ تنازعہ ہے جسکی بنیاد دو قومی نظریہ ہے اور کشمیر کو 1947 میں مسلم اکثریتی علاقہ ہونے کی بنا پر پاکستان کا حصہ بننا چاہئے تھا ۔

انہوںنے کہاکہ بعد ازاں اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کے بارے میں متعدد قراردادیں بھی منظور کی تاہم بھارت آج بھی ان قراردادوں پر عمل درآمد سے انکار کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے واضح کیاکہ مسئلہ کشمیر کا ایک قابل قبول اور حتمی حل پہلے ہی اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں موجود ہے۔انہوںنے عالمی ادارے سے کہاکہ وہ کشمیر بارے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام اسی حل کیلئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کرتے آرہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے اور تحریک آزادی کو ترک کرنے کیلئے ظلم و تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کوشہید کردیا ہے ۔ناہیدہ نسرین نے کہاکہ اقوام متحدہ کے چارٹروں میں یہ بات موجود ہے کہ کوئی بھی غلام قوم اپنی آزادی اور بقاء کیلئے ہر سطح پر جد و جہد کر سکتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری قوم بھی اپنی بقاء اور آزادی کیلئے پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ یہ اقوام متحدہ کی اولین ذمہ داری ہے کہ کشمیر کے بارے میں التوا کا شکار قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر سکیں۔انہوںنے کہاکہ سابق بھارتی وزیر اعظم نہرو اور اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیریوں سے جو وعدے کئے گئے ان پر عمل درآمد کرتے ہوے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دیاجانا چاہیے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں۔

دختران ملت کی جنرل سیکریٹری نے ہفتہ کے روز ترال میں شہید کئے گئے تین کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ادھرحریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش اورامتیاز احمد ریشی نے بھی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتو نیو گوتریس کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا ہے ۔ انہوںنے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرانے پر بھی زودیا ۔

متعلقہ عنوان :