کراچی، ڈکیت کی فائرنگ سے راہگیر قتل، دکاندار نے ڈاکو ماردیا

مختلف کارروائیوں کے دوران سیاسی جماعت کے دوٹارگٹ کلر،2خواتین منشیات فروشوںسمیت7ملزمان کو گرفتار ،اسلحہ اورمنشیات برآمد

پیر 17 جولائی 2017 13:36

کراچی، ڈکیت کی فائرنگ سے راہگیر قتل، دکاندار نے ڈاکو ماردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) کراچی کے علاقے کورنگی نمبر ڈیڑھ میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا، دکاندار کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران سیاسی جماعت کے دوٹارگٹ کلراور ایک ہی خاندا ن کی 2خواتین منشیات فروشوںسمیت7ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اورمنشیات برآمد کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے مٹکے والی پلیا کے قریب دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران دو افراد فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ایس ایس پی کورنگی کے مطابق مٹکے والی پلیا کے قریب مسلح ملزمان نے دودھ کی دکان میں لوٹ مار کی کوشش کی۔مزاحمت کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا۔

(جاری ہے)

دکاندار کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ ملزمان کے دو ساتھی فرار ہوگئے، ہلاک ملزم کے قبضے سے پستول بھی برآمد ہوا ہے۔

ادھرپولیس نے ڈاکس کے علاقے میں گھر پر چھاپے کے دوران ایک ہی خاندا ن کے 2خواتین سمیت 3منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیاہے۔پولیس کے مطابق مچھر کالونی میں منشیات فروشوں کی خفیہ اطلاع پر گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں سے درجنوں ہیروئن کے ٹوکن برآمد کئے گئے۔پولیس نے مذکورہ مکان سے منشیات فروشی میں ملوث ملزم ذاکر، اس کی بیوی رخسانہ اور سالی رابعہ کو بھی گرفتار کیا ہے۔

خواتین ملزمان کو وومن پولیس اسٹیشن منتقل کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایس پی اورنگی عابد علی بلوچ کے مطابق پیر آباد میں کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر محمود عالم اور شہزاد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پسٹل برآمد کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان ملزمان نے 2010کے لسانی فسادات میں متعدد افراد کو قتل کیا تھا۔دوسری کارروائی میں پاکستان بازار کے علاقے سے اسٹریٹ کرمنل معراج کو اسلحے اور موٹرسائیکل سمیت گرفتار کرلیا جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر محمد حسین اور منصور عالم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔