کراچی جیل میں ملاقات کیلئے آنے والوں سے رشوت دگنی وصول

جیل انتظامیہ کو پیسے نہ دو تو دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ تمھارے قیدی کو قتل کرکے خود کشی ظاہر کردیں گے، متاثرہ شہری کی میڈیا سے بات چیت

پیر 17 جولائی 2017 13:36

کراچی جیل میں ملاقات کیلئے آنے والوں سے رشوت دگنی وصول
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) قیدیوں کے فرار ہونے کے بعد کراچی سینٹرل جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے لئے آنے والوں سے رشوت دگنی کردی گئی، رشوت نہ دینے پر قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جانے لگا۔تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل میں کرپشن کا بازار مزید گرم ہوگیا، سینٹرل جیل کراچی میں کالعدم تنظیم کے دو قیدیوں کے فرار ہونے والے واقعے اور جیل میں ہونے والے آپریشن کے بعد قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنیوالے ان کے اہل خانہ سے رشوت دگنی کردی گئی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت میںمتاثرہ شہری نے بتایا کہ سختی کے نام پر گیٹ سے لے کرملاقات تک ہر اہلکار کو 100سے 300روپے دینے پڑتے ہیں۔متاثرہ شہری کے مطابق علاج کیلئے جانے والے عام قیدیوں سے بھی پیسے لئے جاتے ہیں اور جو زیادہ پیسے دے اسے دیگر سرکاری اسپتالوں میں بھی شفٹ کروادیا جاتا ہے۔متاثرہ شہری کے مطابق جیل انتظامیہ کو پیسے نہ دو تو دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ تمھارے قیدی کو قتل کرکے خود کشی ظاہر کردیں گے۔ایک جانب جیل انتظامیہ کی سیکورٹی اور انتظامی معاملات میں مکمل نااہلی سامنے ائی ہے تو وہی جیل میں کرپشن کا بازار بھی گرم ہے جسے کوئی روکنے والا نہیں۔