وزیراعظم محمد نواز شریف کی پشاور میں ایس سی کی گاڑی پر حملے کی مذمت

ایسی گھنائونی کارروائیوں کے مرتکب عناصر جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے

پیر 17 جولائی 2017 12:39

وزیراعظم محمد نواز شریف کی پشاور میں ایس سی کی گاڑی پر حملے کی مذمت
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پیر کو حیات آباد، پشاور میں فرنیئر کور کی گاڑی پر حملے کی پر زور مذمت کی ہے جس میں میجر جمال شیران شہید اور دیگر چاراہلکار زخمی ہو گئے۔ وزیر اعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ اس گھنائونی کارروائی کے مرتکب عناصر کا سراغ لگا کرانہیںانصاف کے کٹہرے میں لایاجائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ اس قسم کے عناصر رحم کے مستحق نہیں اور انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کے غیر متزلزل اور متفقہ عزم کے پیش نظر وہ جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو بھی ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکنہ بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے میجر جمال شیران کی قیمتی جان کے ضیاع پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔