جو جے آئی ٹی کو گالی دے رہا ہے وہ سپریم کورٹ کو گالی دے رہا ہے ،ْشیخ رشید احمد

پیر 17 جولائی 2017 12:39

جو جے آئی ٹی کو گالی دے رہا ہے وہ سپریم کورٹ کو گالی دے رہا ہے ،ْشیخ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں سب چیزیں واضح ہو چکی ہیں لیکن اگر ان کی اب بھی تسلی نہیں ہوئی تو عدالت سے درخواست کروں گا کہ نواز شریف کو طلب کیا جائے ،ْمیں خود ان پر جرح کروں گا۔ پیر کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں اتنی بے شرم حکومت نہیں دیکھی جو اپنا اقتدار بچانے کیلئے ملک کو دائو پر لگا رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ جو جے آئی ٹی کو گالی دے رہا ہے وہ سپریم کورٹ کو گالی دے رہا ہے۔عوامی مسلم لیگ کے صدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے ،ْ ایسی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ ابھی تک جے آئی ٹی رپورٹ پر اعتراضات جمع نہیں کرائے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ جو فیصلہ دے گی وہ ملکی تاریخ کا تعین کرے گا اس وقت صورتحال یہ ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگ رہی ہیں اور ملک و قوم کے علاوہ جمہوریت کے بہترین مفاد میں بھی یہی ہے کہ وزیر اعظم فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔

شیخ رشید احمد نے کہاکہ (ن )لیگ پاناما کیس میں تاخیری حربے استعمال کررہی ہے، یہ لوگ سپریم کورٹ کا احترام نہیں کررہے مگر ہم سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ میری سمجھ سے باہر ہے کہ انہیں کون مشورے دے رہا ہے اسی جگہ سے ثبوت نکلیں گے اور تابوت بھی نکلیں گے ۔ ایک سوال پر شیخ رشید احمد نے کہاکہ کیس میں حکومت کی حکمت عملی ہوگی کہ معاملہ لٹک جائے اور ملک میں خانہ جنگی ہو اگر انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ماننا اور اس کا فیصلہ گلی کوچے میں ہونا ہے تو پھر قوم تیاری کرلے ۔ اگر نواز شریف فیصلے کے خلاف ڈٹ گئے تو پھر ان کا کلیجہ پھٹے گا اور نیاز بٹے گی۔