حلقہ پی ایس 114میں ضمنی الیکشن ماضی میں ہونے والے تمام انتخابات کے مقابلہ میں انتہائی شفاف رہا، ایم کیو ایم جہاں سے الیکشن جیتے اسے تسلیم اور جہاں سے ہارے اسے تسلیم نہ کرنے کاسلسلہ ترک کرے، سعید غنی

پیر 17 جولائی 2017 12:31

حلقہ پی ایس 114میں ضمنی الیکشن ماضی میں ہونے والے تمام انتخابات کے مقابلہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) پیپلز پارٹی کے رہنما اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 سے ضمنی انتخاب میں کامیاب امیدوار سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں ماضی میں ہونے والے تمام انتخابات کے مقابلہ میں ضمنی انتخاب انتہائی شفاف رہا ہے۔ ایم کیو ایم جہاں سے الیکشن جیتے اسے تسلیم اور جہاں سے ہارے اسے تسلیم نہ کرنے کاسلسلہ ترک کرے۔

(جاری ہے)

پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سعیدغنی نے کہاکہ کراچی میں موجودہ دور میں 5 ضمنی انتخابات ہوئے ہیں جن میں ایم کیو ایم پاکستان نے سب سے زیادہ ووٹ اسی حلقہ میں لئے ہیں ، کراچی کی تاریخ میں پی ایس 114 سے زیادہ شفاف انتخابات نہیں ہوئے ۔ لو گوں نے شفاف اندازمیں ووٹ کاحق استعمال کیا، ووٹروں کی مشکلات کے حوالے سے ہمارے بھی تحفظات تھے۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جس خاتون کے گھر سے بیلٹ باکس نکلا ہے اس نے بیان دیا ہے کہ اس نے 3 سال پہلے یہ بیلٹ باکس سے 30روپے کا خریدا تھا۔ اگر ایم کیو ایم کے رہنمائوں کے گھروں کی تلاشی لی جائے تو ایسے ہزاروں بیلٹ باکس ان کے گھروں سے نکلیں گے۔