ْ صوبائی حکومت کی مدد سے عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کررہے ہیں، ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار

اتوار 16 جولائی 2017 23:40

کوئٹہ۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2017ء) ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کی مدد سے عوامی مسائل کے حل کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ، خضدار میں تعلیم صحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بے روزگاروں کو روزگار فراہمی سمیت دیگر منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پرعملدرآمد کررہے ہیں ، خضدار میں پہلی باربڑے پیمانے یپر ڈیمز بنائے جارہے ہیں تاکہ ندی نالوں میں بارش کے بہہ جانے والے پانی کو محفوظ کیا جاسکے ، ان خیالات کاا ظہار انہوںنے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ عوامی مسائل کا حل ہماری اوّلین ترجیح ہے بلاامتیاز یکساں انداز عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کررہے ہیں ، اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع عنایت فرمایا ہے ہماری کوشش ہے کہ عوام کی امنگوں پر پورا اتر کر ان کے مسائل کے حل کے لئے کام کریں اس سے قبل بھی خضدار میں کروڑوں روپے خرچ کرچکے ہیں ، عوام کے مسائل زیادہ ہیں اور رقبہ بھی بڑا ہے تاہم وسائل محدود ہیں اس کے باوجود محدود وسائل کے اندررہتے ہوئے عوام کے مسائل کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، خطیر رقم مختلف شعبوں پرلگنے سے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور اس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹرسپلائی اسکیم منصوبے بھی بنارہے ہیں ، عوام کے مسائل اور مشکلات کا ہمیں بے حد احساس ہے کوشش ہے کہ عوام کے مسائل کو جس حد تک ہوسکتا ہے کم کریں ۔