جب تک عدالت کا فیصلہ نہیں آتا فریقین سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں۔سکندر ..
تازہ ترین : 1

جب تک عدالت کا فیصلہ نہیں آتا فریقین سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں۔سکندر شیرپائو

پانامہ کیس کے حوالے سے ان کے پارٹی کا موقف جمہوریت کے فروغ اور تسلسل کے عین مطابق ہے، سینئر وزیر خیبر پختونخوا

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی2017ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کے حوالے سے ان کے پارٹی کا موقف جمہوریت کے فروغ اور تسلسل کے عین مطابق ہے اور جب تک عدالت کا فیصلہ نہیں آتا تمام فریقین سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظارکریںاوراحترام کے ساتھ تسلیم کریں ۔

انہوں نے کہا کہ احتساب ایک اچھے معاشرے ، قوم اور ملک کے لئے ایک اہم عمل ہے تاہم احتساب کے منطقی انجام کو پہنچنے سے پہلے خیالی فیصلے مسلط کرنے سے معاشرے میں آنار کی پھیلتی ہے جس سے قومیں پسماندگی کے شکاری ہوتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بند کورائی ڈیرہ اسماعیل خان میں اتوا رکے روز ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیر زراعت اکرام الله گنڈاپور ، ممبر ان صوبائی اسمبلی سمیع الله خان علیزئی ، احتشام اکبر خان ، ضلعی ناظم عزیز الله خان ، خالد خان کے علاوہ ضلعی ، تحصیل ناظمین اور ممبران بھی موجود تھے ۔

جلسے میں ڈیرہ اسماعیل خان کے پارٹی ورکروں اور دوسرے قیادت کے علاوہ کسانوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کاشتکاری یہاں کے معیشت کا بنیادی شعبہ ہے اور کسانوں کے مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے ۔ چشمہ رائٹ بینک کینال میں پانی کی کمی اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے وزیر آبپاشی نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمیں اپنے کوٹہ سے ایک ہزار کیوسک کم پانی دے رہا ہے جس کی وجہ سے ہماری زرخیز زمینیں بنجر پڑی ہیں اور اس سلسلے میں کئی بار وفاقی حکومت کو آگاہ کیا ہے لیکن جب تک ایسے مسائل کو منصفانہ بنیادوں پر حل نہیں کئے جائیں نہ تو ملک ترقی کرسکتا ہے اور نہ ہی وفاق مضبوط ہو گا ۔

اس لئے ایک بار پھر انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ سی آر بی سی نہر میں پانی کا مطلوبہ مقدار پورا کرکے کسانوں اور زمینداروں کو ریلیف دیں ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ نہر کی نظام کو مزید وسعت دینے کی زیادہ گنجائش موجود ہے اور اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کی حکومت ورلڈ بینک کے ساتھ امداد کے لئے رابطوں میں ہے جس کی بہت جلد دور رس نتائج سامنے آئیں گے ۔

سکندر شیرپائو نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین اور صوبائی وزیر کے حیثیت سے عوامی مسائل سے آگہی ان کے فرائض میں شامل ہے اور اس مقصد کے لئے وہ بار بار عوام کے ساتھ رابطے کرتے رہیں گے تاکہ عوام کی ترقی کے لئے جامع منصوبے ترتیب دئیے جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہر سال قومی اہمیت کے منصوبوں کے لئے خیبر پختونخوا کے بجٹ میں برائے نام رقم مختص کرکے سالہا سال خاموش رہتی ہے جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے بڑے بڑے منصوبے طوالت کے شکار ہوتے ہیں ۔

سینئر وزیر نے عوام پر زور دیا کہ اپنی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسے مخلص قیادت کو آگے لائیں جن کی کاوشوں سے ترقی کی رفتار میں تیز ی آسکے اور معاشرتی زندگی میں خوشگوار تبدیلیاں لائی جا سکیں ۔ قبل ازیں سینئر وزیر نے بندکورائی پانچ کلومیٹر کینال روڈ کی تعمیراتی کام کا افتتاح کیا جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف وفود اور تنظیموں سے ملاقاتیں بھی کیں اور علاقے کے مسائل اور ملک کی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 16/07/2017 - 23:20:19

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں