پاکستان میں آبادی میں اضافہ سے بے روزگاری، افلاس اور جرائم جیسے دیگر مسائل جنملے رہے ہیں ،ساجدہ مشتاق

اتوار 16 جولائی 2017 22:11

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2017ء) ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئرساجدہ مشتاق نے یہاںگورنمنٹ ہائی سکول نمبر2مدینہ کالونی میں محکمہ تعلیم میں بھرتی ہونے والے نئے اسسٹنٹ ایجوکیشن افسروں کی ٹریننگ کے دوران بڑھتی ہوئی آبادی کے سوسائٹی پر اثرات کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جس تیزی کے ساتھ آبادی میں اضافہ ہورہا ہے ۔

وہ ملک میں بے روزگاری، افلاس اور جرائم جیسے دیگر مسائل کو جنم دے رہا ہے۔ اور ان حالات میں اگر ہم نے ملک میں بڑھتی آبادی پر کنٹرول نہ پایا تو وطن عزیز کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل کرنے کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ،صحت ،مواصلات اور زندگی کی دیگر جدید اور بنیادی سہولیات کی دستیابی اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے بڑھتی ہوئی آبادی پر کنٹرول بیحد ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

دنیا کا کوئی بھی ملک اپنے وسائل سے بڑھ جانے والی آبادی کو زندگی کی معیاری سہولیات فراہم نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ اسلام بھی بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ کے لیے نوزائیدہ بچے کو پورے دو سال دودھ پلانے کا حکم دیتا ہے اور اس سے نہ صرف ماں اور بچے کی صحت بہتر رہتی ہے بلکہ ماں کا دودھ بچے کو کئی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلا سوچے سمجھے بچوں میں اضافہ کئی ایک مسائل کو جنم دیتا ہے چنانچہ ہمیں اسلامی تعلیمات کے اندر رہتے ہوئے اپنے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ رکھنا چاہئے اور پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے پیغام کو دوسروں تک بھی پہنچانا چاہئے ۔

اس موقع پر محکمہ تعلیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر افتخار نواز ورک اور ڈی ٹی ایس سی ہیڈ سید محمد ظہیر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :