نوشکی "خاندانی منصوبہ بندی کی بدولت ہی ترقی ممکن ہی" کے عنوان سے تقریب کا انعقاد

اتوار 16 جولائی 2017 21:50

کوئٹہ۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2017ء)محکمہ پاپولیشن ویلفیئر نوشکی کے زیراہتمام عالمی یوم آبادی کے موقع پر "خاندانی منصوبہ بندی کی بدولت ہی ترقی پذیر اقوام کی ترقی ممکن ہی" کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بطور مہمان خصوصی آمینہ زر مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس وسائل بہت محدود ہیں جو بڑھتی ہوئی آبادی کے لئے ناکافی ہیں۔

ترقی کے لئے ضروری ہے کہ شرح پیدائش اور وسائل کو متوازن رکھا جائے۔ محدود وسائل اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی نے بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے کو مسائل سے دوچار کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کو اچھا اور محفوظ مستقبل دیں جس کے لئے آج ہی ہم سب نے مل کر حکمت عملی اور منصوبہ بندی کرنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم بے روزگاری، تیزی سے گرتی ہوئے سطح آب جیسے دیگر گھمبیر مسائل بنا پلاننگ کے بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے ہے۔

بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے ہمارے دو کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں کیونکہ ہماری آبادی زیادہ، تعلیمی ادارے کم، مریض زیادہ ہسپتال کم، مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں۔ پوری آبادی کے لئے پینے کا صاف پانی اور بنیادی ڈھانچہ تک دستیاب نہیں ہے۔اس موقع پر عبدالستار شاہوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم ہم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتے جب تک اپنے خاندان اور ملک کی بہتری کے لئے نہیں سوچیں گے اور یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ہم خاندانی منصوبہ بندی پر عملدرآمد نہیں کریں گے کیونکہ حکومت ذرائع وسائل بہت محدود ہیں اور آبادی بے تحاشہ بڑھتی جارہی ہے۔

دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبادی کو وسائل سے متوازن کرنا صرف حکومت وقت کی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اچھے اور روشن مستقبل کے لئے ضروری ہے کہ معاشرے کے ہر فرد کو خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں شعور وآگاہی فراہم کی جائے۔