پوری حکومت نوازشریف اور ان کے خاندان کو بچانے اور انہیں معصوم ثابت کرنے میں لگی ہوئی ہے ، حالانکہ جے آئی ٹی کی سی ٹی سکین میں ثابت ہوگیاہے کہ کرپشن کی بیماری وزیراعظم سے ان کے پورے خاندان میں پھیل چکی ہے ، اس موذی مرض کا فوری علاج ضروری ہے ورنہ اس بیماری پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا پانچ روزہ مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب

اتوار 16 جولائی 2017 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2017ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پوری حکومت نوازشریف اور ان کے خاندان کو بچانے اور انہیں معصوم ثابت کرنے میں لگی ہوئی ہے ، حالانکہ جے آئی ٹی کی سی ٹی سکین میں ثابت ہوگیاہے کہ کرپشن کی بیماری وزیراعظم سے ان کے پورے خاندان میں پھیل چکی ہے ۔ اس موذی مرض کا فوری علاج ضروری ہے ورنہ اس بیماری پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا ۔

جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف تحریک پانامہ لیکس سے بہت پہلے شروع کی اور ہمار ا جوموقف پہلے دن تھا ، آج بھی وہی ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں سمیت سب کا احتساب کیا جائے اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں سے پائی پائی وصول کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پانچ روزہ مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تربیت گاہ سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے بھی خطاب کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے دفاع میں مصروف حکومت اپنی اصل ذمہ داریوں پر توجہ نہیں دے رہی اور حکمرانوں نے اپنے ذاتی جھگڑوں میں قومی مفادات کو پس پشت ڈال دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران واویلا کر رہے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے حالانکہ جمہوریت کے لیے سب سے زیادہ خطرہ خود حکمران بنے ہوئے ہیں ۔ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد اخلاقی طور پروزیراعظم کو پہلے دن ہی مستعفی ہو جاناچاہیے تھا ۔ حکومت کو موجودہ صورتحال سے دوچار کرنے والے وہ ناعاقبت اندیش وزراء ہیں جو وزیراعظم کو اداروں اور عدلیہ سے ٹکرا جانے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔