فاٹا سے ایف سی آر کا کالا قانون ختم کرنے اور فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں شریک کرنے کے لیے جماعت اسلامی ایف سی آر نامنظور تحریک شروع کر رہی ہے ، اس تحریک کے دوران فاٹا کے اضلاع میں بڑے بڑے عوامی جلسے ہوں گے اور اگست میں فاٹا کے لاکھوں عوام کے ساتھ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے اور دھرنا دیں گے ، وقت آگیا ہے کہ فاٹا کے عوام کو ایف سی آر کی غلامی سے نکال کر انہیں پاکستان کے عام شہریوں کی طرح زندگی گزارنے کا آزادانہ موقع فراہم کیا جائے

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا اجلاس سے خطاب

اتوار 16 جولائی 2017 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2017ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی صدارت میں منصورہ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ جماعت اسلامی کے زیراہتمام فاٹا اصلاحات کے نفاذ اور ایف سی آر نامنظور تحریک کے سلسلہ میں قومی سیمینار 19 جولائی کومنصورہ میں ہوگا ۔ سیمینار سے قومی قائدین ، مختلف سیاسی و دینی جماعتوں کے رہنما اور فاٹا سے اہم قبائلی مشران و موجودہ و سابقہ اراکین قومی اسمبلی خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلو چ نے کہاکہ فاٹا سے ایف سی آر کا کالا قانون ختم کرنے اور فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں شریک کرنے کے لیے جماعت اسلامی ایف سی آر نامنظور تحریک شروع کر رہی ہے ۔ اس تحریک کے دوران فاٹا کے اضلاع میں بڑے بڑے عوامی جلسے ہوں گے اور اگست میں فاٹا کے لاکھوں عوام کے ساتھ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے اور دھرنا دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ فاٹا کے عوام کو ایف سی آر کی غلامی سے نکال کر انہیں پاکستان کے عام شہریوں کی طرح زندگی گزارنے کا آزادانہ موقع فراہم کیا جائے ۔اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر ، امیر العظیم اور فاٹا رہنمائوں نے شرکت کی ۔