این اے 260 پر دھاندلی کے ذریعے ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیاگیاہے

پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک کا پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 16 جولائی 2017 21:10

کوئٹہ۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2017ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہاہے کہ این اے 260 کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے ہمارے امیدوارکو ہرایا گیا‘ ہمارے امیدوارکے مینڈیٹ کو چوری کیاگیاہے ۔ان خیالات کااظہارانہوںنے اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنماء سردار فتح محمد حسنی ،سید اقبال شاہ ودیگر رہنماء بھی موجودتھے ۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے الزام لگایا کہ سازش کے تحت ہمارے امیدوار کے مینڈیٹ کو چوری کیاگیا ہے‘ ہمارے امیدوار عمیر محمد حسنی مختلف علاقوں سے آنے والے نتائج کے مطابق جیت رہے تھے لیکن جب رزلٹ آیا تو ہمارے امیدوار کے کم ووٹ شوکئے گئے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں پی بی 5 اور6 کے نتائج فراہم نہیں کئے گئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن جعلی ووٹ کا نوٹس لے‘ ہمیں چاغی سے 19 ہزار ووٹ ملے لیکن ایک سازش کے تحت ہمارے مخالف امیدوار کو جتوایا گیاہے۔