جے آئی ٹی رپورٹ نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں کو حساب دینا ہو گا، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

ملک دشمن طاغوتی قوتیں پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے کیلئے نت نئی سازشیں کررہی ہیں، قوم جلد اتحاد اہلسنت کے سلسلے میں خوشخبری سنے گی

اتوار 16 جولائی 2017 20:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں کو حساب دینا ہو گاجو بھی نواز لیگ کی کشتی میں سوار ہوگاذلت اور رسوائی سے نہیں بچ سکے گا،ملک دشمن طاغوتی قوتیں پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے کیلئے نت نئی سازشیں کررہی ہیں، قوم جلد اتحاد اہلسنت کے سلسلے میں خوشخبری سنے گی۔

وہ حضرت خواجہ شاہ رکن الدین الوری رحمة اللہ علیہ کے سالانہ عرس اور سندھ کی عظیم درسگاہ رکن الاسلام جامعہ مجددیہ کے فارغ التحصیل علماء،خطباء،حفاظ اور قراء کی دستار فضیلت و تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ نوازشریف مستعفی ہو کر عوام کی عدالت میں جانے کا شوق بھی پورا کرلیں اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کرنے والے حکمرانوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی ،انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کی آگ کو روکنے کیلئے اتحاد کی فضاء پیدا کی کوششیں کررہے ہیں تاکہ ملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جاسکے دہشت گردی کے عفریت کا مقابلہ کرنے کیلئے آپریشن ردالفساد کو تیز تر کیا جائے اور بلا امتیاز دہشت گردوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ رکن الدین الوری کا بڑاعلمی و روحانی مقام و مرتبہ ہے آپ نے ہزاروں کفار کو حلقہ بگوش اسلام کیااور علمی اور روحانی فیوض وبرکات سے بھٹکے ہوں کو راہ ہدایت دکھائی شاہ رکن الدین الوری اور حضرت مجدد الف ثانی کے نام سے منسوب رکن الاسلام جامعہ مجددیہ علم و عرفاں کاتناور درخت بن چکا ہے اس درسگاہ سے فارغ ہو کرہزاروں علماء ،خطباء حفاظ اور قراء دنیا بھر میں علم کی شمع روشن کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم بھکری ہوئی اہلسنت کو یکجا کرنے کی کوششیں میںمصروف ہیں ان شاء اللہ جلد ہی قوم اتحاد اہلسنت کے سلسلے میں خوشخبری سنے گی، تقریب کے مہمان خصوصی خانوادہ مجدد الف ثانی سجادہ نشین آستانہ عالیہ ٹنڈو سائیں داد حضرت پیر عبدالوحیدجان سرہندی تھے اس اجتماع سے علامہ طاہر محمود اعوان ،علامہ رجب علی سکندری،علامہ عرفان چشتی،قاری نیاز احمد نقشبندی نے بھی خطاب کیاجبکہ علامہ ادریس ڈاہری کے پوتے ثناء اللہ ڈاہری،پیر غلام حبیب،علامہ صاحبزادہ عزیر محمود الازھری،علامہ فائز محمود الازھری،صاحبزادہ عاطر محمود الوری، ،مفتی محمد عمر خلجی قادری، علامہ معشوق علی مجددی قاری عبدالرشید اعوان،ناظم علی آرائیں ،پیر محمد مبین ،علامہ نوید حسین ،حافظ شاہنواز ،حافظ غلام سرورڈاکٹر محمد یونس دانش ،قاری محمد عرفان،انیس احمد مظہری ،ریحان احمد مظہری ،حکیم عتیق احمد ،محمد اقبال میمن سمیت سینکڑوں علماء مشائخ سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام اہلسنت کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :