ہمیں اپنے حقوق کے لئے خود اٹھنا پڑے گا جبھی ہمارے مسائل حل ہوں گے، چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال

اتوار 16 جولائی 2017 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کر سکتیں جو اپنے حالات تبدیل کرنا نہیں چاہتیں، ہمیں اپنے حقوق کے لئے خود اٹھنا پڑے گا جبھی ہمارے مسائل حل ہوں گے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے ناظم آباد گلبہار کے مقامی ہال میں منعقد جنرل ورکرز اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرصدر پی ایس پی انیس قائم خانی، کراچی ڈویژن کے صدر آصف حسنین اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور کمزور پر ظلم کے پہاڑ گرا رہا ہے مگر کوئی اسے پوچھنے والا نہیں ہماری تقدیر ہمارے ہاتھوں میں ہے، تقدیر کو بدلنے کیلئے آسمان سے فرشتے نہیں اتریں گے ہمیں خود اپنے حقوق کیلئے حکمرانوں کے خلاف آواز اٹھانی پڑے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی سیاسی جماعت کو عوام میں اتنی مقبولیت حاصل نہیں ہوئی جتنی پاک سر زمین پارٹی نے حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک سر زمین پار ٹی کے پلیٹ فارم سے صرف ملک کے مسائل ہی اجاگر نہیں کر رہے بلکہ ان کا حل بھی بتا رہے ہیں لیکن موجودہ حکمرانوں کے ملک سے بالا تر زاتی مفادات عوامی مسائل کے حل کے عملی اقدامات میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے نظریے کی سچائی ہے کہ دو لوگوں سے بننے والا قافلہ آج کراچی سمیت پاکستان کے کونے کونے میں پھیل چکا ہی. انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں سر فہرست کھڑا کرنا ہی ہمارا مقصد ہی. 2018کے الیکشن میں پی ایس پی ایک طاقت ور سیاسی جماعت بن کر ابھرے گی بعدازاں پاک سرزمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال اور انیس قائم خانی نے نارتھ ناظم آباد میں رابطہ آفس UC23 کاافتتاح کیا۔