قومی شاہراہ پر بھٹ شاہ کے قریب دو ٹریفک حادثات میں 11 افراد زخمی ہو گئے، آئل ٹینکر اور باراتیوں کی کوچ حادثے کا شکار ہوئے

اتوار 16 جولائی 2017 20:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) قومی شاہراہ پر بھٹ شاہ کے قریب دو ٹریفک حادثات میں 11 افراد زخمی ہو گئے، آئل ٹینکر اور باراتیوں کی کوچ حادثے کا شکار ہوئے، معجزانہ طور پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اتوار کو این فائیو قومی شاہراہ پر ایک گھنٹے کے دوران دو ٹریفک حادثات پیش آئے، پہلا حادثہ کراچی سے پنجاب جانے والے نجی کمپنی کے آئل ٹینکر کو پیش آیا جو تیزرفتاری کے باعث الٹ گیا اور اس کا ڈرائیور فرنٹ کیبن میں پھنس گیا، آئل ٹینکر میں 50 ہزار لیٹر تیل موجود تھا، موٹروے پولیس نے ریسکیو کاروائی کے بعد ڈرائیور کا کیبن سے نکالا، حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر مقامی پولیس تعینات کردی گئی تاکہ قریبی آبادی سے لوگ یہاں نہ آ سکیں۔

(جاری ہے)

دوسرا حادثہ بھٹ شاہ کے قریب خیبر کے مقام پر پیش آیا جہاں سکھر سے کراچی جانے والی باراتیوں سے بھری ہوئی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر شاہراہ کے ساتھ پڑے کیچڑ میں الٹ گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 10 باراتی زخمی ہوھئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہالا اور حیدرآباد کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، بس حادثے کا وزیر صحت سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے تمام زخمیوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے مون سون بارشوں اور شاہرائوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کو کسی بھی ناخو شگوار حادثے سے نمٹنے لئے مستعد رہنے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :