سب کو پاناما پیپرز کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے‘ وزیر اعظم اور حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کریگی ،ْ شاہد خاقان عباسی

شریف خاندان کے وکیل جے آئی ٹی رپورٹ کے خلاف سپریم کورٹ میں بھرپور انداز میں اپنا دفاع کریں گے ،ْ انٹرویو

اتوار 16 جولائی 2017 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سب کو پاناما پیپرز کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے‘ وزیر اعظم اور حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کریگی ،ْشریف خاندان کے وکیل جے آئی ٹی رپورٹ کے خلاف سپریم کورٹ میں بھرپور انداز میں اپنا دفاع کریں گے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ملک کے آئین کے مطابق وزیراعظم کو عدالت کے سامنے اپنا دفاع کرنے کا پورا حق حاصل ہے ،ْوفاقی وزیر نے کہا کہ ہم کسی کے خلاف سازش کا الزام نہیں لگا رہے مگر ہر ایسا اقدام جس سے ملکی معیشت کمزور ہو اس کو سازش سمجھا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیاسی مخالفین گزشتہ چار سالوں سے وزیراعظم محمد نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں کیونکہ وہ عوام میں مسلم لیگ (ن) کی دن بدن بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں پانامہ کیس پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں تاکہ 2018ء کے عام انتخابات میں اس کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خلاف استعمال کیا جا سکے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے وکیل جے آئی ٹی رپورٹ کے خلاف سپریم کورٹ میں بھرپور انداز میں اپنا دفاع کریں گے۔