جماعةالدعوةسندھ کی جانب سے عشرہ کشمیر کے حوالے سے پروگراموں کا سلسلہ جاری

عشرہ یکجہتی کشمیر کا مقصد بھارتی ظلم و بربریت اور دہشت گردی کو دنیا میں اجاگر کرنا ہے، فیصل ندیم انڈیا اٹوٹ انگ کی رٹ چھوڑ کر کشمیر سے فوج نکالے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے

اتوار 16 جولائی 2017 20:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) جماعةالدعوةسندھ کی جانب سے عشرہ کشمیر کے حوالے سے پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے مرکز سعد بن معاذ حیدرآباد میں سندھ بھر سے آئے ہوئے مرکزی ذمہ داراں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس سے ،جماعة الدعوة سندھ کے مسئول فیصل ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا سندھ بھر کے مختلف شہروں میں شہدائے کشمیر کانفرنسوں سیمینار جلسوں کا سلسلہ جاری ہے عشرہ یکجہتی کشمیر کا مقصد بھارتی ظلم و بربریت اور دہشت گردی کو دنیا میں اجاگر کرنا ہے۔

برہان وانی کی شہادت کے بعدبھارتی فوج نے کشمیر میں ظلم وبربریت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ انڈیا اٹوٹ انگ کی رٹ چھوڑ کر کشمیر سے فوج نکالے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔ اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی نسل کشی پر خاموشی درست نہیں۔

(جاری ہے)

انڈیا بین الاقوامی سطح پر غاصب بھارتی فوج کی دہشت گردی بے نقاب کرے۔ بھارتی فوج نے کشمیریوں کا جینا دو بھر کیا ہوا ہے ۔

پیلٹ گن کی وجہ سے ہزاروں کشمیری زخمی ہو چکے ہیں۔بھارتی فوج کشمیر میں سکولوں، گھروں اور بلڈنگز کو کیمیکلز چھڑک کر آگ لگا رہی ہے جس سے کشمیریوں کی لاشیں ناقابل شناخت ہو جاتی ہیں۔ انسانی حقوق کے نام نہاد ادارے کشمیرمیں ہونے والے مظالم پر خاموش ہیں۔ حکومت پاکستان جو کہ کشمیریوں کی وکیل ہے، بھی ان کی وکالت کا حق ادا نہیں کر رہی ۔انہوںنے کہاکہ دنیا یہ بات اچھی طرح سمجھ چکی ہے کہ کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اسلئے اب انڈیا کو کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرنا چاہئے۔

کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔فیصل ندیم نے کہاکہ حافظ محمد سعید نے 2017کو کشمیریوں کے نام منانے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد انہیں بین الاقوامی دبائو پر نظر بند کر دیا گیا۔کشمیری آج بھی حافظ محمد سعید اپنا ہیرو اور پشتیبان سمجھتے ہیں۔ حکومت پاکستان بھارت سے دوستی ترک کرتے ہوئے انہیں فی الفور رہا کرے۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کی بدولت تحریک آزادی زندہ ہے۔بی جے پی سرکار ظلم و تشددکے ذریعہ کشمیریوں کی آواز دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔حکومت پاکستان سفارتی محاذپر بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرے۔ پاکستان کے نعرے بلند کرتے کشمیریوںکی قتل و غارت گری پر رسمی احتجاج کرنا مناسب نہیں۔ مظلوم کشمیریوں کی دل کھول کر مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ سری نگر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والے کشمیری حق رکھتے ہیں کہ پاکستان ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو۔ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری سڑکوں پر ہیں اور آزادی کے سوا کسی تیسرے آپشن پر رضامند نہیں ہیں۔ بھارتی فوج گذشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے - کشمیری و پاکستانی قوم غاصب بھارت سے مکمل آزادی کے سوا مسلط کردہ کوئی حل قبول نہیں کرے گی۔ بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ۔ کوئی بھی اپنی شہ رگ کے بغیر زندہ کیسے رہ سکتاہے۔کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرنا پوری قوم پر فرض ہے۔

متعلقہ عنوان :