جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد ن لیگ کے ساتھ ان کے اتحادی بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ،دوا خان صابر

مولانا کیا دنیا کی کوئی بھی طاقت شریف خاندان کو اڈیالہ جیل جانے سے نہیں بچا سکتی

اتوار 16 جولائی 2017 20:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے ترجمان دوا خان صابر نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد ن لیگ کے ساتھ ان کے اتحادی بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ۔آج مولانا فضل الرحمان بھی شریف خاندان کو بچانے کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور شریف خاندان کی چوری چھپانے کے لئے تحریک انصاف کے اوپر بے جا تنقید کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے صحافیوں کے ایک وفد سے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ کراچی میں بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔دوا خان صابر نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان جتنے گھوڑے دوڑا سکتے ہیں دوڑا لیں ٹانگیں رگڑ رگڑ کر بھی شریف خاندان کو نہیں بچا سکتے۔ مولانا صاحب کی سیاست سب پر عیاں ہوچکی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی سیاست کا نصب العین صرف اقتدار ہے۔ چاہئے وہ پرویز مشرف کی حکومت ہو ، یا زرداری کی یا پھرنواز شریف کی مولانا صاحب کہتے ہیں کہ رقم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کا جانا ٹہر گیا آج نہیں تو کل سہی ۔مولانا کیا دنیا کی کوئی بھی طاقت شریف خاندان کو اڈیالہ جیل جانے سے نہیں بچا سکتی۔

متعلقہ عنوان :