کراچی میں تیز بارش سے کئی علاقوں میں بجلی غائب، موسم خوشگوار ہو گیا

بارش کے نتیجے میں ٹرپ کر جانے والے 100 سے زائد فیڈر بحال کر دئیے، فالٹس دور کئے جا رہے ہیں، ترجمان کے ای ایس سی

اتوار 16 جولائی 2017 20:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2017ء) شہر قائد میں ہلکی اور تیز بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ بارش سے کئی علاقوں کی بجلی غائب ہوگئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اورتیزبارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوارہوگیا ہے،جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرمیں 25 کلومیٹرکی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، صبح کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد رہا۔شہرمیں ہلکی بارش کی وجہ سے سڑکوں پرپھسلن ہوگئی جس کے نتیجے میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کومعمولی نوعیت کے حادثات پیش آئے، بارش کے نتیجے میں متعدد فیڈرزٹرپ ہوگئے جس کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جب کہ تاحال کوئی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دوسری جانب کے الیکٹرک نے دعوی کیا ہے کہ گزشتہ رات بارش کے باعث100 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوئے تھے اب متاثرہ فیڈر بحال ہوچکے ہیں ۔ مختلف علاقوں میں ٹیکنیکل فالٹس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے ۔ کے الیکٹرک کا عملہ فالٹس درست کرنے میں مصروف ہے ۔