شریف برادران نے اپنے پورے خاندان کو بھی بدعنوانی سے داغدار کیا، یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ سیاسی جماعت کا سربراہ اور وزیراعظم پاکستان پر بدعنوانی ، بددیانتی ،لوٹ مار کے الزامات شواہد ، ثبوتوں، ناقابل تردید مواد کے ساتھ ثابت ہوچکے ہیں لیکن بے شرمی اور ڈھٹائی کے پھر بھی جھوٹ پے جھوٹ بولا جارہا ہے

سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر بخاری کا تقریب سے خطاب

اتوار 16 جولائی 2017 20:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2017ء) سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر بخاری نے کہا ہے کہ شریف برادران نے اپنے پورے خاندان کو بھی بدعنوانی سے داغدار کیا۔ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ سیاسی جماعت کا سربراہ اور وزیراعظم پاکستان پر بدعنوانی ، بددیانتی ،لوٹ مار کے الزامات شواہد ، ثبوتوں، ناقابل تردید مواد کے ساتھ ثابت ہوچکے ہیں لیکن بے شرمی اور ڈھٹائی کے پھر بھی جھوٹ پے جھوٹ بولا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی ضلع و شہر اسلام آباد کے عہدیداران کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ پی پی پی ختم ہونے کے خواب دیکھنے والوں کے لئے کراچی اور گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی عقل کے اندھوںکے دماغ کی بند شریانیں اور آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ وکٹیں گرانے اور سنچریاں بنانے والے کے دعوے کرنے والے ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں ایک کے گلے میں تصدیق شدہ بد عنوانیوں کا طوق ہے تو دوسرے کے گلے میں بھی بدکرداری اور بددیانتی کا ہارہے ۔نیئر بخاری نے کہا کہ سیاست کو پراگندہ کرنے والے شریف برادران اور جعلی خان دونوں جلد سیاست سے باہر ہونے والے ہیں ۔ قوم کو منہ دیکھانے کے پہلے ہی قابل نہیں ۔

اب نظر بھی نہیں آئیگے۔ مستقبل کی سیاست نوجوانوں کی اُمید بلاول بھٹو کے ہاتھ میںہے جو پاکستان کے نوجوانوں کے قائد بھی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سرکاری و آئینی عہدہ رکھتے ہوئے آمدن سے مطابقت نہ رکھنے والے اثاثے ، جائیدادیں ، کاروبار، آمدن ، آئین اور قانون کے تحت سنگین جرم ہے جو سپریم کورٹ کے ججوں کے فیصلے اور جے آئی ٹی کی رپورٹ میں ناقابل تردید مواد ،دستاویزات کے ساتھ ثابت اور تصدیق شدہ ہے۔

شریف برادران کے پاس سرکاری اختیارات کے غلط استعمال اور ناجائز ذرائع سے بنائے گئے اثاثوں کے دفاع میں کوئی ثبوت موجود نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حقیقی سیاسی جماعت ہے جس نے سیاست کو گلی محلے سے پروان چڑھاکر مظلوم اور محکوم طبقات کو برابر آئینی حقوق فراہم کرکے حقیقی سیاسی کارکنوں کو اہم حکومتی و آئینی عہدے دیکر سیاسی معراج دی۔

آنے والا وقت بھی پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے۔ تقریب سے راولپنڈی ڈویژن کے رہنما راجہ عمران اشرف ،ضلع اسلام آباد کے صدر راجہ شکیل، جنرل سیکرٹری راجہ امجد، اسلام آباد شہرکے صدر افتخار شہزادہ ، جنرل سیکرٹری اظہرخان، راجہ محمود، راجہ رضا، ملک ندیم ، ملک عامر، ملک صدیق ، ملک تاج ، ناصر چوہدری، ڈاکٹر نذیرنے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں ضلع اسلام آباد اور شہر کی تنظیموں کے عہدیداران اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔