سجاول میں صحت کی سہولیات ناپیدہونے کے ساتھ مہنگی ہونے لگیں

سرکاری اسپتال این جی او کو تحویل میں دیے جانے کے بعد ادویات اور سہولیات کے فقدان کے ساتھ اخلاقی قدروں کا بھی فقدان ہوگیا

اتوار 16 جولائی 2017 20:01

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء)سجاول میں صحت کی سہولیات ناپیدہونے کے ساتھ مہنگی ہوتی جارہی ہیں ، سرکاری اسپتال این جی او کو تحویل میں دیے جانے کے بعد ادویات اور سہولیات کے فقدان کے ساتھ اخلاقی قدروں کا بھی فقدان ہوگیاہے ،این جی او کی جانب سے سیکورٹی ڈریس میں ملبوس چندافراد کو گیٹ پر متعین کرکے مریضوں اور ان کے ورثاء کو بداخلاقی اور تنگ کرنے کی شکایات سامنے آئی ہیں جبکہ مریضوں نے شکایات کی ہیں کہ اوپی ڈی چیک اپ کے بعد ادویات بھی مکمل نہیں دی جارہی ہیں جبکہ ٹیسٹوں ، ایکسرے، الٹراسائونڈ پر فی مقررکردی گئی ہے ،ایمرجنسی میں مرہم پٹی کے پیسے لئے جارہے ہیں ،جبکہ وارڈوں میں مریضوں کو داخل کرنے کے بجائے انہیں ریفر کیاجارہاہے ،مقامی شہریوں کا کہناہے کہ سرکاری اسپتال کو اربوں روپے بجٹ کے ساتھ نجی این جی او کو تحفہ دینے کے بعد اب مفت علاج کی سہولت کا نام ہی رہ گیاہے ، جس سے مریضوں کی اموات میں اضافہ ہوگیاہے ،علاوہ ازیں سیکورٹی وردی پوش افراد کی بداخلاقی سے مریضوں اور ورثاء کو پریشانی کا سامنہ ہے ، حکومت سندہ کی اس خدمت کو مقامی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے جنہوں نے مریضوں کا مفت علاج ہی چھین لیاہے ۔