سجاول میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا قیام عمل میں آگیا

علاقے کی عوام کی سہولت کے لئے یہ ریجنل پاسپورٹ آفس قائم کیا گیا ہے، ایم این اے ایاز شاہ شیرازی

اتوار 16 جولائی 2017 20:01

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء)سجاول میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا قیام عمل میں لایاگیاہے ،گذشتہ روز ہائی اسکول روڈ پر ریجنل پاسپورٹ آفس کے قیام کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں پی ایم ایل این کے مقامی ایم این اے سید ایاز شاہ شیرازی نے ربن کاٹ کرتختی کی نقاب کشائی کی ، اس موقع پر تقریرکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ علاقے کی عوام کی سہولت کے لئے یہ ریجنل پاسپورٹ آفس قائم کی گئی ہے جس میں تین ہزار روپے کی فیس دیکر پندرہ دن میں پاسپورٹ حاصل کیاجاسکتاہے اور کوئی رشوت وغیرہ نہیں لی جائیگی، انہوں نے کہاکہ دوہزار اٹھارہ کی الیکشن میں ہم مخالفین کو شکست دیں گے اور مقامی عوام کی خدمت کرتے رہیں گے ،عوام ہمارے ساتھ ہے ،انہوں نے کہاکہ سجاول شہرمیں بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے پانچ ٹرانسفارمرس بھی منظورکئے گئے ہیں ، آئندہ الیکشن میں میاں نواز شریف دوبارہ منتحب ہوکرملک کے وزیراعظم بنیں گے ،تقریب سے نصیرشاہ شیرازی ، رفیق شاہ، ڈاکٹر وزیر اور ظہیرعباسی نے بھی خطاب کیا، تقریب کے موقع پر صرف مخصوص صحافیوں کو مدعو کیاگیا۔