سمبڑیال،جے آئی ٹی کی رپورٹ حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن چکی ہے، پی ٹی آئی راہنما چیمہ جمشید اسلم چیمہ

اتوار 16 جولائی 2017 20:00

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2017ء)تحریک انصاف کے راہنما و چیئرمین یونین کونسل بدوکے چیمہ جمشید اسلم چیمہ نے پریس کلب سمبڑیال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن چکی ہے ،اب وہ وقت آگیا ہے کہ وہ اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگیں اور عہدہ سے از خود مستعفی ہوجائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے بعد تمام اپوزیشن جماعتوں نے استعفیٰ کا مطالبہ کرکے یہ فیصلہ دے دیا ہے کہ میاں نواز شریف بطور وزیر اعظم کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ،انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کا یوم حساب قریب آچکا ہے ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرنے والے اب زیادہ دیر تک بچ نہیں سکیں گے عوام کو تعلیم ،صحت ،روزگار جیسی بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں ،مائیں اپنے جگر گوشوں سمیت خود کشیاں کررہی ہیں جبکہ حکومت سب ٹھیک اور اپنی جھوٹی کارکردگی کے اشتہارات چلا رہی ہے عوام انہیں الیکشن میں بری طرح شکست سے دوچار کریں گے۔