پلوامہ میں شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

کینیڈاکانفرنس کے مقررین کا اقوام متحدہ پر کشمیر میں رائے شماری کرانے پر زور

اتوار 16 جولائی 2017 19:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میںضلع پلوامہ کے علاقوں ترال اور پوہومیں ہزاروں لوگوں نے شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے مختار احمد لون اور پرویز احمد میر نامی نوجوانوں کو ہفتے کے روز ترال کے علاقے ستورہ میں ایک پر تشدد آپریشن کے دوران شہید کیا تھا۔

شہید نوجوانوں کو آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں انکے آبائی علاقوں آمر آباد اور پوہو میں سپردخاک کیا گیا۔ لوگوں کی ایک کثیر تعداد کے سبب شہید مختار احمد لون کی نماز جنازہ تین مرتبہ پڑھی گئی۔ خواتین نے اپنے گھروں کی چھتوں سے شہید کے جسد خاکی پر گل پاشی کی۔ دریں اثنا نوجوانوں کی شہادت پر پلوامہ اور اسکے ملحقہ علاقوں میں آج مکمل ہڑتال کی گئی۔

(جاری ہے)

بھارت مخالف مظاہرے روکنے کیلئے علاقے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں تنازعہ کشمیر فلیش پوائنٹ بنتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مزید تاخیرعلاقائی امن کیلئے انتہائی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔

ٹورنٹو میں گزشتہ روز ہونے والی ایک کانفرنس کے دوران کینیڈا کے سینکڑوں شہریوں نے ممتاز کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کو شہادت کی پہلی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس کا اہتمام ’’فرینڈر آف کشمیر کمیٹی کینیڈا ‘‘ نے کیا تھا۔ اس موقع پر پاس کی جانے والی ایک قرار داد میں پیلٹ گنوں کے استعمال کی مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی منظم نسل کشی رکوائے۔

کانفرنس میں بھارت کی طرف سے کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے عالمی ادارے پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی نگرانی میں جموںکشمیر میں رائے شماری کرانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ کانفرنس کے چیف آرگنائیزر ظفر بنگش نے اس موقع پر کشمیریات پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے لیے ’’برہان مظفر وانی‘‘کے نام سے دو سکالر شب دینے کا اعلان کیا۔