سکھر,جمہوریت کے نام پر بادشاہت کرنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں

مبین جتوئی ملک کے عوام باشعور ہوچکے ہیں اور کرپٹ سیاستدانوں کے چہروں کو پہچان چکے ہیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا بیان

اتوار 16 جولائی 2017 19:12

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف سکھر کے رہنما مبین جتوئی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے نام پر بادشاہت کرنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں، ملک کے عوام باشعور ہوچکے ہیں اور کرپٹ سیاستدانوں کے چہروں کو پہچان چکے ہیں، قوم کے اربوں لوٹ کر حکمرانوں نے بیرون ملک جائیدادیں اور اثاثے بنالیے، عوام دو وقت کی روٹی کے لئے بھی ترس رہے ہیں اور حکمران شاہانہ زندگیاں گزار رہے ہیں۔

سندھ میں لوٹ مار کرنیوالوں کے احتساب کا وقت آگیا ہے، عمران خان کی جدوجہد نے کرپشن فری پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے، جمہوریت کے نام پر کرپشن کرنیوالوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں، آئندہ الیکشن میں ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی تحریک انصاف واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں اور ملاقات کے لئے آنیوالے شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

مبین جتوئی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 9سال سے سندھ پر حکومت کررہی ہے مگر آج تک عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کیا جاسکا، تھر کے لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور سندھ کے حکمران چین کی بانسری بجارہے ہیں، پی پی رہنمائوں نے اربوں روپے کے منصوبوں میں کرپشن کرکے اپنی جیبیں بھری ہیں، عوام پی پی سے تنگ آچکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر ہے مگر یہاں سے منتخب ہونیوالے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے عوام کے مسائل حل نہیں کیے، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے من پسند ٹھیکیداروں کو دیکر انہیں نوازا گیا، شہر کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے اور موئن جو دڑو کا منظر پیش کررہا ہے۔

تحریک انصاف آئندہ الیکشن میں سکھر میں طویل عرصے سے اقتدار حاصل کرنیوالوں کو شکست فاش دیکر سندھ بھر میں کلین سوئپ کریگی۔اس موقع پر شہریوں کے وفد نے مبین جتوئی کو تحریک انصاف میں شامل ہونے پر مبارکباد بھی دی۔ #