سپریم کورٹ کے فیصلہ کے آنے تک انتظار کرنا چاہیئے،سکندرشیرپائو

استحکام اور سسٹم کی مضبوطی سے ہی ملک میں معاشی ترقی ہوگی ، پانی نہ ملنے سے فصلوں کو نقصان ہو رہا ہے، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

اتوار 16 جولائی 2017 17:00

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) سینئر صوبائی وزیر خیبرپختونخواہ اور قومی وطن پارٹی کے چیئر مین سکندر شیرپائو نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کے معاملہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں وزیر اعظم میاں نواز شریف نے واضح کہہ دیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے آنے تک انتظار کرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیرہ اسما عیل خان دورہ کے موقع پر سرکٹ ہائوس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا،پارٹی کے صوبائی رہنماء اور پی کی66 پروآ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سردار خالد سلیم استرانہ ، پارٹی کارکنوں، اعلیٰ سرکاری حکام اور کارکنوں ، معززین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی جمہوری روایات کی امین ہے ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت مذید مستحکم ہو، جمہوری ادارے مظبوط ہوں کیو نکہ جمہوریت کے استحکام اور سسٹم کی مضبوطی سے ہی ملک میں معاشی ترقی ہوگی ، عوام خوشحال ہونگے،اور ملک ترقی کرے گا، انہوںنے کہا کہ پورے صوبہ میں آبپاشی کا سب سے بڑا نظام ڈیرہ اسما عیل خان میں ہے مگر وفاق کی جانب سے چشمہ رائیٹ بنک کینال میں ڈیرہ اسما عیل خان کو اس کے حصے سے پانچ سو آٹھ کیوسک پانی کم دیا جا رہا ہے جو اس خطہ کے زمینداروں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے، پانی نہ ملنے سے فصلوں کو نقصان ہو رہا ہے جس سے پورے ملک میں غذائی قلت کے مسائل پیدا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ واپڈا حکام سے اس زیادتی کے ازالہ کے لیئے میں نے رابطہ کیا ہے کیونکہ ایسے طرز عمل سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی میں اضافہ ہوتا ہے ، انہوں نے کہا کہ چشمہ رائیٹ بنک کینال متعدد مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس سے پانی کی مقدار بھی ضائع ہوجاتی ہے اس ضمن میں ورلڈ بنک کے حکام سے صوبائی حکومت رابطے میں ہے تاہم مرکز کی جانب سے بھی اس مسئلے کے لیئے وفاقی بجٹ میں رقم مختص کی گئی ہے اور رقم ملتے ہی نہر کی مرمت کے کام کا آغاز کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بطور سینئر صوبائی وزیر صوبہ بھر کے ہر ضلع اور تحصیل میں عوام کے مسائل کے حل کو میں اپنی زمہ داری سمجھتا ہوں میرے والد آفتاب احمد خان شیرپائو نے مجھے خدمت کی سیاست سکھائی ہے اور صوبہ بھر کے عوام کے لیئے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں میری کوشش ہے کہ عوام کے زیادہ سے زیادہ مسائل انکی دہلیز پر حل ہوں، عوام کو سہولیات میسر ہوں اور کسی سیاسی وابستگی کو مد نظر رکھے بغیر عوام کو خوشحال بنایا جائے، انہوں نے علاقہ پی کے چھیا سٹھ کے مختلف وفود سے بھی ملاقات کی جنہوں نے خالد سلیم استرانہ کی موجودگی میں صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر سکندر خان شیرپائو نے کہا کہ متعدد مسائل کو ہم نے فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کردئے ہیں تاہم گذشتہ دورہ پروآ کے دوران جو اعلانات عوامی مسائل کے حل کے لیء کئے گئے تھے ان کا اگلے ماہ دورہ ڈیرہ و پروآ کے دوران باقائدہ افتتاح بھی کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پی کے چھیاسٹھ سے خالد سلیم استرانہ ہمارے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہونگے ، عوام اور علاقہ کے مسائل کے حل کے لیئے ایسے ہی متحرک نوجوانوں پر قومی وطن پارٹی فخر کرتی ہے انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں ہم صوبہ بھر کے تمام حلقوں سے اپنے امیدوار لائیں گے تاہم سیاسی جماعتوں اور علاقائی گروپوں سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور کسی بھی فریق پر ہم نے اپنی جماعت کے دروازے بند نہیں کئے، صوبہ میں ہماری کارکردگی کی بنیاد پر متعدد جماعتوں کے امیدوار بھی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :