چلڈرن ہسپتال لاہور کو پیڈز سپیشلیٹیز کی ٹریننگ میں پانیئر ادارہ بنانا ہے ‘ سیکرٹری صحت

ْپوسٹ گریجوایٹ ٹریننگ کے لئے سپیشل کوٹہ دینا پڑا تو دیں گے ‘ نجم احمد شاہ کی وفد سے گفتگو

اتوار 16 جولائی 2017 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجو کیشن نجم احمد شاہ نے کہاہے کہ امراض اطفال کے مختلف شعبوں خصوصا پیڈز سرجری اور دل کی بیماریو ںکے علاج کے لئے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی پورے ملک میں کمی ہے اور چلڈرن ہسپتال کو پیڈیاٹرک کے شعبہ میں ڈاکٹر کی تربیت میں لیڈ لینا چاہیے - انہو ںنے مزید کہاکہ 600 بستروں اور 16 آپریشن تھیٹر پر مشتمل نئے بلاک کے اضافہ کے ساتھ چلڈرن ہسپتال 1100 بیڈز پر مشتمل ہسپتال بن گیاہے جو ایک منفرد مثال ہے - انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں چلڈرن ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور کی زیر قیادت فیکلٹی ممبران اور پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی - پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور اور شعبہ سرجری کے ہیڈ پروفیسر محمد اسلم نے سیکرٹری صحت کو چلڈرن ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات اور ڈاکٹرو ںکے تربیتی پروگرام بارے خصوصی طورپر آگاہ کیا - نجم احمد شاہ نے کہاکہ 600 بستروں کے اضافہ کے بعد چلڈرن ہسپتال میں پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز کی ٹریننگ کے مزید مواقع پیدا ہوگئے ہیں -انہو ںنے کہاکہ فارمولے کے مطابق سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تربیت کے لئے سیٹیں فراہم کی جائیں گی - سیکرٹری ہیلتھ نے مزید کہاکہ پیڈیاٹرک کے شعبے میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ڈیمانڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی جی ڈاکٹر زکے لئے سپیشل کوٹہ دینا پڑا تو دیاجائے گا - اجلاس میں چلڈرن ہسپتال کے انتظامی اور آپریشنل معاملات کے علاوہ مالی وسائل اور ہیومن ریسورس کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیاگیا-

متعلقہ عنوان :