ٹیکسز کی تعداد ‘ شرح میں کمی کیساتھ نظام کو سہل بنا کر ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ‘ صدر آل پاکستان انجمن تاجران

معیشت کی ترقی ، عوام کی زندگیوں میں آسودگی دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے ، سیاسی استحکام سے مشروط ہے ‘ اشرف بھٹی

اتوار 16 جولائی 2017 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ٹیکسز کی تعداد اور شرح میں کمی کیساتھ نظام کو سہل بنا کر ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ،معیشت کی ترقی اور عوام کی زندگیوں میں آسودگی دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے اور سیاسی استحکام سے مشروط ہے ،تاجروںنے بے پناہ مشکلات کے باوجود ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد کوترجیح دی ہے اور معیشت کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ تاجر دوست پالیسی کی بات ہے لیکن بد قسمتی سے سرکاری اداروں میں موجود بعض عناصر اس کے برعکس اقدامات کرتے ہیںجس کا لا محالہ ملکی معیشت کو نقصان ہوتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں اصلاحات اور آسانیاں پیدا کرنے کی بجائے اسے پیچیدہ بنا دیا گیا ہے جس کے باعث مسائل جنم لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت سے مطالبہ ہے کہ ٹیکسز کی تعداد اور شرح میں کمی کی جائے اور نظام کو سہل بنایا جائے تاکہ جو لوگ ٹیکس دینے کی استطاعت رکھتے ہیں وہ از خود اس دائرے میں آئیں۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ دہشتگردی کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو بے پنانقصان پہنچا لیکن پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کے ذریعے امن و امان کو بحال کیا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ مل بیٹھ کر فیصلے کریں کیونکہ ملک کو آگے لے جانے کے لئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے ۔

متعلقہ عنوان :