عازمین حج کو حفاظتی ٹیکے لگانے ،پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ (آج )سے شروع ہوگا

حاجیوں کو پولیو کے قطرے پینے ، گردن تو ڑ بخار کا ٹیکہ لگوانے کا ثبوت سعودی عرب میں داخلے کے وقت ائیرپورٹ پر پیش کرنا ہوگا

اتوار 16 جولائی 2017 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) عازمین حج کو حفاظتی ٹیکے لگانے اورپولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ آج ( پیر )سے شروع ہوگا ،سعودی عرب پہنچنے پر سعودی وزارت صحت کی طرف سے بھی ائیر پورٹ پر ہی پولیو کے قطرے دوبارہ پلائے جائیں گے ۔ ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے بتایا کہ عامین حج کو گردن توڑ بخار اور انفلوئنزا سے بچائو کے ٹیکے لگانے کے علاوہ پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے ۔

ضلع لاہور سے تعلق رکھنے والے عازمین کو حاجی کیمپ نکلسن روڈ ‘فیصل آباد والوں کو گورنمنٹ کو آپریٹو کالج سرگودھا روڈ جبکہ سیالکوٹ والوں کو جناح اسلامیہ کالج میں حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ عازمین حج سے کہا گیا ہے کہ وہ رش سے بچنے کے لئے اپنے فلائٹ شیڈول کے مطابق ٹیکے لگوانے کے لئے آئیں۔

(جاری ہے)

پرائیویٹ سکیم کے حاجیوں کو بھی حفاظتی ٹیکے حاجی کیمپ میں ہی لگائے جائیں گے۔

اس مقصد کے لئے حج گروپ آرگنائزر کو متعلقہ حج ڈائریکٹوریٹ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پرائیویٹ سکیم کے حاجی ٹیکے لگوانے کے لئے بعد دوپہر حاجی کیمپ آئیں۔ حاجیوں کو پولیو کے قطرے پینے اور گردن تو ڑ بخار کا ٹیکہ لگوانے کا ثبوت سعودی عرب میں داخلے کے وقت ائیرپورٹ پر پیش کرنا ہوگا ۔ سعودی عرب پہنچنے پر انہیں سعودی وزارت صحت کی طرف سے بھی ائیر پورٹ پر ہی پولیو کے قطرے دوبارہ پلائے جائیں گے ۔

تمام عازمین حج بالخصوص امراض قلب،گردہ کی تکلیف،سانس کی بیماری میں مبتلا افراد ‘شوگر کے مریضوں اور موٹاپے کا شکار افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انفلوئنزا کا حفاظتی ٹیکہ ضرور لگوائیں تاکہ دوران حج پریشانی سے بچ سکیں۔وزارت مذہبی امور کی طرف سے تمام حج ڈائریکٹوریٹس میں ویکسی نیشن سنٹر قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں آخری حج پرواز کی روانگی تک حاجیوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :