شادی کی رات میں نے فلم سیٹ پر گزاری‘شاہ رخ کا انکشاف

میںنے اپنی ڈیبیو فلم’’ دیوانہ‘‘ نہیں دیکھی کیونکہ گوری خان نے مجھے یہ فلم دیکھنے ہی نہیں دی

اتوار 16 جولائی 2017 11:50

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کو فلم انڈسٹری میں 25 برس مکمل ہو گئے۔ گزشتہ برس ہی انہوں نے اپنی شادی کی سلور جوبلی بھی منائی۔ فلم انڈسٹری میں اپنے 25 سال مکمل ہونے اور ازدواجی زندگی کی سلور جوبلی پوری ہونے کے موقع پر بھارتی نشریاتی ادارے ڈی این اے انڈیا نے شاہ رخ خان سے ان کی زندگی کے یادگار لمحات جاننے کے حوالے سے گفتگو کی۔

شاہ رخ خان نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا راز بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے شادی کی رات بھی فلم سیٹ پر گزاری، کیوںکہ ان دنوں ان کی پہلی فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔ کنگ خان کے مطابق جس دن ان کی شادی ہوئی، اسی دن وہ ممبئی منتقل ہوئے اور ان کا یہ فیصلہ بہت بڑی تبدیلی ثابت ہوا۔شاہ رخ خان نے بتایا کہ آج تک انہوں نے اپنی ڈیبیو فلم’’ دیوانہ‘‘ نہیں دیکھی کیونکہ گوری خان نے انہیں یہ فلم دیکھنے ہی نہیں دی۔

(جاری ہے)

شاہ رخ خان کے مطابق انہیں اپنے خلاف سب سے زیادہ نفرت انگیز الفاظ فلم راجو بن گیا جنٹلمین کی ریلیز کے وقت ایک صحافی کی جانب سے سننے کو ملے لیکن پھر تھوڑی ہی دیر میں انہوں نے اپنے حوصلے بلند رکھے اور دل میں کہا کہ یہ اہم نہیں کہ لوگ میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں، اہم یہ ہے کہ میں کیا ہوں۔ رومانوی ہیرو کے طور پر مشہور اداکار نے کہا کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ان کے تین بچے ہیں، جو آج بڑے ہو چکے ہیں، جن سے وہ اور گوری خان باتیں کرتے ہیں۔شاہ رخ خان کے مطابق انہیں یاد نہیں کہ انہوں نے آج تک کتنی فلموں میں کام کیا، تاہم جب ان کی پہلی فلم آئی تو سلمان خان کے والد سمیت راکیش روشن اور دیگر افراد نے انہیں کہا کہ تم بڑے اسٹار بنو گے۔

متعلقہ عنوان :