دنیا پاکستان پر ہنس رہی ہے ، ملک میں نواز شریف اور زرداری کے علاوہ کوئی ایماندار شخص نہیں ہے ، انور گجر

بھوک و پیاس کے باعث لوگ تھر میں مر رہے ہیں لیکن حکمران موٹر وے ، میٹرو اور خوش حال پاکستان بنانے کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں، سندھ نیشنل فرنٹ

ہفتہ 15 جولائی 2017 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات )محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کو آرڈینیٹر رزاق باجوہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کی کرپشن ظاہر ہونے سے پاکستانی قوم کے دنیا بھر میں سرشرم سے جھک گئے ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے کہ نواز شریف زرداری کے علاوہ پاکستان میں ایسا کوئی ایماندار شخص نہیں ہے ، جسے یہ قوم اپنا حکمران منتخب کرے لیکن دنیا بھر میں پڑھی لکھی باشعور اور تہذیب رکھنے والی قومیں ملک و قوم کی ترقی و خوش حالی کے لیے دن رات کام کرنے والے ایماندار شخص کو اپنا لیڈر تسلیم کرکے اسے منتخب کرکے حکمران بناتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ڈٹ جانے کا مشورہ دینے والے ان کے اتحادی اور درباری صرف مال کے پجاری ہیں ۔

(جاری ہے)

سب سے بڑی شرم ناک بات تو یہ ہے کہ پاکستان کی سیاست میں عوام کی خدمت کرنے والے نہیں بلکہ پیداوار چور ، ڈاکو اور لٹیرے قابض ہو گئے ہیں ۔ جنہوں نے سیاست کو منافع بخش کاروبار بنا کر خوب بدنام کیا ہے حالانکہ سیاست منشور ، نظریہ ، اصولوں اور پروگرام کی بنیاد پر ہوتی ہے لیکن آج کل لٹو پھٹو اور لینے دینے کی مفاہمت کی لعنت پر سیاست ہو رہی ہے ۔

جس سے ملک میں ترقی و خوش حالی آنے کی بجائے تباہی اور بربادی کے آثار آنا شروع ہو گئے ہیں حالانکہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے لیکن حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے کرپٹ ٹولہ خوش حال اور اور عوام دربدر ہو کر خوار ہو رہے ہیں ۔ صرف یہی نہیں بلکہ حکمران طبقہ اپنی تجوریاں بھرنے کے لیے خاکروبوں کی نوکریاں بھی غیر مسلموں کے بجائے مسلمانوں کو فروخت کر رہا ہے ، جس کی تازہ مثال لاڑکانہ میں جیالوں کی بھرتیاں ہیں ۔

جس سے مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ غربت کے باعث غریب عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محتاج ہو کر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں ۔ سب سے بڑی افسوس ناک بات تو یہ ہے کہ جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹنے والے حکمرانوں نے تھر کے معصوم شہریوں کی ہستی بستی زندگی موت میں تبدیل کر دی ہے اور آج بھی وہاں لوگ صرف غربت ، بھوک و افلاس ، غذائیت کی کمی اور ادویات نہ ہونے کے باعث بھوک اور پیاس سے تڑپ تڑپ کر مر رہے ہیں لیکن کرپٹ حکمران ٹولہ اپنی ناکامی اور کرپشن کو چھپانے کے لیے ملک بھر میں خوش حالی ، ترقی ، موٹروے بنانے کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں ۔

اگر ایسی صورت حال کسی اور ملک میں ہوتی تو وہاں کے غیرت مند عوام حکمرانوں کو درختوں اور چوکوں چوراہوں پر الٹا لٹکا دیتے ۔ لیکن پاکستان میں بھی ایسے کرپٹ بدکردار حکمرانوں سے نجات کے لیے خونی انقلاب دستک دے رہا ہے ، جو کہ کرپٹ حکمران طبقے اور ان کے خاندانوں کو بہا کر لے جائے گا ۔