نوازشریف فوری استعفیٰ دیں: چودھری شجاعت حسین کے قومی جماعتوں اور مسلم لیگی دھڑوں کے سربراہوں سے رابطے

ڈاکٹر فاروق ستار، پیر پگاڑا اور مصطفی کمال سے بھی ٹیلیفون پر ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال، ملاقات کیلئے اتفاق رائے

ہفتہ 15 جولائی 2017 20:42

نوازشریف فوری استعفیٰ دیں: چودھری شجاعت حسین کے قومی جماعتوں اور مسلم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے ملک کے سیاسی حالات، موجودہ داخلی و خارجی صورتحال اور پانامہ کیس کے تناظر میں نوازشریف کے فوری استعفیٰ کیلئے قومی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور مختلف مسلم لیگی دھڑوں کے قائدین سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے ہفتہ کو ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، مسلم لیگ فنکشنل کے صدر پیر صاحب پگاڑا صبغت اللہ راشدی اور پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سے ٹیلیفون پر الگ الگ گفتگو کی جس میں ملک کو درپیش صورتحال، نوازشریف سے استعفیٰ کے مطالبہ اور تمام اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ لائحہ عمل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

چودھری شجاعت حسین اور پیر پگاڑا میں مشاورت کیلئے ملاقات پر اتفاق ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی وزیراعظم نوازشریف سے استعفیٰ کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک و قوم کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کا یہ فرض ہے کہ وہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ اور فاضل عدالت کے حکم پر قائم کردہ جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد نوازشریف پر استعفیٰ کیلئے زور دیں اور ملک کو درپیش بحران سے نمٹنے کیلئے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد ہو جائیں۔