پاکستان کے یوم آزادی کی 70 سالہ تقریبات کو شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے خصوصی ’’لوگو‘‘ کا اجراء کر دیاگیا

’’ لوگو‘‘ کا عنوان ’میں ہوں پاکستان‘رکھا گیا ہے جو زبان ،ثقافتی تنوع اور قومی تشخص کا عکاس ہے ،وزیراعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کی متنوع ثقافت، تہذیب وتمدن، تاریخ و ورثہ کو یوم آزادی کی تقریبات کے ذریعے اجاگر کیا جائیگا جن لوگوں نے پاکستان کے لیے قربانیاں دیں ان سے عوام الناس کو روشناس کرانے کیلئے مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے، خنجراب سے گوادر تک ثقافتی کارواں روانہ کیا جائیگا جو قومی ثقافتی تنوع کی عکاسی کرے گا، وزارت اطلاعات و نشریات کے تمام ذیلی ادارے پی ٹی وی ،ریڈیوپاکستان، اے پی پی، پی آئی ڈی، لوک ورثہ اور پی این سی اے اگست سے دسمبر تک مختلف پروگراموں کے ذریعے پاکستان کے مثبت قومی تشخص کو اجاگر کریں گے، وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا ’’لوگو ‘‘کی رونمائی کی تقریب سے خطاب ہمارا پیارا وطن پاکستان طویل جدوجہد اور انتھک محنت کے بعد حاصل کیا گیا، پاکستان میں جمہوری نظام کا تسلسل بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا وژن تھا،وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق 1973کا آئین قومی دستاویز کی حیثیت سے ہمارے لئے کسی نعمت سے کم نہیں، پاکستان کی نصف سے زائد تاریخ کو بے آئینی اور آمرانہ ادوار کا سامنا رہا ہے،وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کا خطاب

جمعہ 14 جولائی 2017 23:12

پاکستان کے یوم آزادی کی 70 سالہ تقریبات کو شایان شان طریقہ سے منانے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2017ء) پاکستان کے یوم آزادی کی 70 سالہ تقریبات کو شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے خصوصی لوگو کا اجراء کر دیاگیا ہے جس کا عنوان ’میں ہوں پاکستان‘رکھا گیا ہے جو کہ زبان ،ثقافتی تنوع اور قومی تشخص کا عکاس ہے ،وزیراعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کی متنوع ثقافت، تہذیب وتمدن، تاریخ و ورثہ کو یوم آزادی کی تقریبات کے ذریعے اجاگر کیا جائیگا، جمعہ کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے زیر اہتمام یوم آزادی کی 70 سالہ تقریبات کے سلسلے میں لوگو کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کی 70 سالہ تقریبات کو منانے کے لیے ایک کمیٹی بنائی تھی جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور میرے سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو نمائندگی دی گئی ہے جس کا مقصد قومی وصوبائی سطح پر ملک کے 70 ویں یوم آزادی کے جشن کو شایان شان طریقہ سے منانا اور قومی جذبوں اور امنگوں کو پروان چڑھانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے جن لوگوں نے قربانیاں دی ہیں ان کی قربانیوں سے عوام الناس کو روشناس کرانے کیلئے مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور خنجراب سے گوادر تک ثقافتی کاررواں روانہ کیا جائیگا جو قومی ثقافتی تنوع کی عکاسی کرے گا، وزارت اطلاعات و نشریات کے تمام ذیلی ادارے پی ٹی وی ،ریڈیوپاکستان، اے پی پی، پی آئی ڈی، لوک ورثہ اور پی این سی اے اگست سے دسمبر تک مختلف پروگراموں کے ذریعے پاکستان کے مثبت قومی تشخص کو اجاگر کریں گے، وزیرمملکت نے سیکرٹری اطلاعات ونشریات احمد نواز سکھیرا کی اس ضمن میں کوششوں کی تعریف کی جن کی سربراہی میں پی ٹی وی کی جون میں منافع بخش کلوزنگ خوش آئند اقدام ہے، جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان نے بھی بہت سے پروگرام ترتیب دیئے ہیں، پی این سی اے نے پاک چین ثقافتی ہم آہنگی کیلئے خصوصی پروگرام وضع کئے ہیں، جن میں ارومچی سے گوادر تک ثقافتی کارروان ’میں ہوں پاکستان ‘اپنے ثقافتی رنگ بکھیرے گا جس سے سفارتی تعلقات مضبوط مستحکم ہوں گے اور پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان عوامی سطح کے رابطوں کو فروغ حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پی این سی اے نے لوگو کے تخلیقی مقابلوں کا انعقاد کیا جس میں نسٹ یونیورسٹی کی تھرڈ ائیر کی طالبہ صبا زمان کے تخلیق کر دہ لوگو کو 70سالہ تقریبات کیلئے منتخب کیا گیا ہے، ملک بھر سے مقابلے میں 400 سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ وزیر مملکت نے وزیراعظم کی جانب سے لوگو مقابلوں کی فاتح طالبہ کیلئی5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ستر سالہ ملکی تاریخ میں اتنے توانائی منصوبے نہیں لگائے گئے جو گذشتہ 4 سال کے دوران شروع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ پاکستان کے لیے افواج پاکستان، سیاسی لیڈروں اور قوم نے قربانیاں دی ہیں۔ پچھلے چار سالوں سے دہشت گردوں کی کمر توڑدی گئی ہے اوردہشتگردی کے واقعات میں اٹھاسی فیصد کمی آئی ہے اور ایسا ماحول پیدا ہوا ہے کہ پاکستان کے اپنے ستر سالہ جشن کی تقریبات پورے جوش وخروش سے منا نے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق 70 سالہ تقریبات میں نجی شعبہ کی بھر پور شرکت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مایوسی کی کوئی جگہ نہیں’’ستے خیراں‘‘ ہیں، ملک میں ثقافت کے فروغ کیلئے جاری سرگرمیاں خوش آئند ہیں ،یوم آزادی تقریبات کے حوالے سے لوگو ونر صبازمان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان 14 اگست کو اپنی عمر کے 70 سال پورے کرے گا، پاکستان نے بہت کچھ حاصل کیا ہے، ہمارا پیارا وطن پاکستان طویل جدوجہد اور انتھک محنت کے بعد حاصل کیا گیا، پاکستان میں جمہوری نظام کا تسلسل بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا وژن تھا، گذشتہ 70 سال کے دوران وطن عزیز نے بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مصائب اور حوادث کے باوجود آگے بڑھنے کا سفر جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاستدان بڑھا چڑھا کر ایک دوسرے کی برائیاں کرتے ہیں مگر ہم سیاستدان اتنے بھی برے نہیں ہیں جتنے نظر آتے ہیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستانیوں کا جمہوریت کے ساتھ رومانس ایسا ہے کہ کبھی ختم نہیں ہو سکتا، پاکستانیوں نے ڈکٹیٹرشپ کے دور کا بھی مقابلہ کیا، ہم آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور دنیا اس کو تسلیم کر رہی ہے، کھیل کے میدان میں پاکستان کسی سے پیچھے نہیں ہے، ہمارے طلبا و طالبات دنیا کی بہترین جامعات میں زیرتعلیم ہیں ، ملک کا مستقبل روشن ہے، گوادر پورے خطے کا جھومر اور سرمایہ کاری کا مرکز ہے ،دہشتگردی کی وباء سے ہم سب ملکر چھٹکارا حاصل کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی زندگی میں ایک لمحے کی لغزش سالوں پیچھے دھکیل دیا کرتی ہے، مایوسی اور ناامیدی کے کانٹوں کی کلبلاہٹ کا شکار قومیں روبہ زوال ہوجایا کرتی ہیں، بے یقینی اور ناامیدی کی کیفیت قوموں کو گھن اور سرطان کی طرح ختم کردیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی 70سالہ تاریخ میں فراز کم جبکہ نشیب زیادہ آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1973کا آئین قومی دستاویز کی حیثیت سے ہمارے لئے کسی نعمت سے کم نہیں، پاکستان کی نصف سے زائد تاریخ کو بے آئینی اور آمرانہ ادوار کا سامنا رہا ہے، ملک میں امن و استحکام کی کوششیں ہمیشہ ثقافت کے ذریعے بارآور ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعرا، ادیبوں اور تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے وزیر اعظم نے پہلی بار 50 کروڑ روپے کا انڈوومنٹ فند قائم کردیا ہے جو رواں مالی سال کے دوران فعال ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ترمشکلات کے باوجود تسلسل کے ساتھ کئے گئے حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آرہے ہیں، موجودہ حکومت کی کوششوں سے عوام کے ذہنوں اور زندگی میں آسودگی لوٹ آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کو پٹڑی سے اتارنے کیلئے کی جانے والی سازشیں مایوس کن ہیں۔ پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ نے کہاکہ لوگو کے انتخاب کیلئے جیوری نے باریک بینی سے کام لیا اور بہترین لوگو منتخب کیا ہے۔