لاہور ، پانامہ پیپرز میں نامزد پاکستانی شخصیات کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے لئے دائر درخواست ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لی گئی

جمعہ 14 جولائی 2017 22:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پانامہ پیپرز میں نامزد پاکستانی شخصیات کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے لئے دائر درخواست ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لی۔ عدالت نے وفاقی حکومت ، ایف آئی اے اور ڈائریکٹر امیگریشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار اکتوبر کو جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار فاروق امجد بسمل نے عدالت کو بتایا کہ پانامہ پیپرز میں نامزد پاکستانی شخصیات کی منی لانڈرنگ کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز میں جن افراد کے نام سامنے آئے ہیں ان کے حوالے سے معاملات عدلیہ میں زیر التوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کا سامنا کرنے والے کرپٹ افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا تاہم عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے درخواست کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لیا اور فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔