ہمیں پاکستان اور اس کی سالمیت عزیز ہے ، سید نیئر حسین بخاری

ان حالات میں وزیر اعظم کو استعفیٰ دیکر اپنے اوپرکیسز کا دفاع کرنا چاہئے اور ملک کو غیر مستحکم کرنے سے بچانا چاہئے، سابق چیئرمین سینٹ مسلم لیگ(ن) میں کوئی اور قابل آدمی نہیں جو وزیراعظم بن سکتا ہو،پیپلزپارٹی پر جب یہ وقت آیا تھا اور یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا گیا تو ہم نے راجہ پرویز اشرف کو وزیراعظم بنادیا تھا لیکن مسلم لیگ(ن) والے کہتے ہیں کہ اگر نوازشریف چلا گیا تو جمہوریت چلی جائے گی، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 14 جولائی 2017 21:29

ہمیں پاکستان اور اس کی سالمیت عزیز ہے ، سید نیئر حسین بخاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان اور پاکستان کی سالمیت زیادہ عزیز ہے،ان حالات میں وزیر اعظم کو استعفیٰ دیکر اپنے اوپرکیسز کا دفاع کرنا چاہئے اور ملک کو غیر مستحکم کرنے سے بچانا چاہئے،مسلم لیگ(ن) میں کوئی اور قابل آدمی نہیں جو وزیراعظم بن سکتا ہو،پیپلزپارٹی پر جب یہ وقت آیا تھا اور یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا گیا تو ہم نے راجہ پرویز اشرف کو وزیراعظم بنادیا تھا لیکن مسلم لیگ(ن) والے کہتے ہیں کہ اگر نوازشریف چلا گیا تو جمہوریت چلی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوچکی ہے پانامہ لیکس کو16ماہ گزر چکے ہیں20اپریل کو جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ ہوا تھا،ہمیں سوچنا ہوگا کہ جے آئی ٹی رپورٹ جمع ہونے کے بعد ہماری ملکی،سیاسی او رمعاشی صورتحال کیا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کی سالمیت کی بات ہو پھر ہمیں پاکستان زیادہ عزیز ہوگا آج وزیراعظم نے اجلاس کیا توانہوں نے سوال اٹھایا کہ ہمارا جرم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کیبنٹ میں بہت پڑھے لکھے لوگ ہیں اگر اپ نے 20اپریل کا فیصلہ پڑھا ہوتا تو مٹھائیاں تقسیم نہ کرتے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یا تو معصوم ہیں یا جان بوجھ کر کرتے ہیں،جے آئی ٹی نے دستاویزات سے ثابت کیا ہے کہ وزیراعظم اثاثے ان کے ذریعہ آمدن سے زیادہ ہیں۔نیب آرڈیننس میں ہے کہ اگر کوئی آمدن سے زیادہ اثاثے بناتا ہے تو پکڑ میں آتا ہے۔

جے آئی ٹی رپوٹر میں وزیراعظم کے اثاثہ جات کی تفصیلات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قانونی ٹیم اتنی نادان نہیں کہ ان کو اپنے جرم کا پتہ نہ ہو۔اگر وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ جے آئی ٹی رپورٹ درست نہیں تو عدالت میں ثبوتوں کے ساتھ جواب دیں۔اتفاق فاؤنڈری سات بھائیوں کی مشترکہ نہیں لیکن ایک بھائی میاں شریف کے بچوں کی جائیداد اتنی کیسے بڑھ گئی نوازشریف کو اپنے علاوہ کسی اور پر اعتماد نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اداروں کو دھمکیاں دیتے ہیں کہ ان کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے،58ٹو بی آئین کا حصہ نہیں جوڈیشل58 ٹو بی کی مخالفت کریں گے۔نوازشریف سازش کو بے نقاب کریں اور بتائیں یہ کہاں سے ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوری طریقے سے وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہے ورنہ دیگر آپشن بھی موجود ہیں۔