پاکستان میں نوازشریف پر کرپشن ثابت ہوچکی ہے ‘ وہ اقتدار سے علیحدہ ہوجائیں ‘ آزادکشمیرمیں جعلی مینڈیٹ کے ذریعے قائم کردہ حکومت نے اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدروسابق وزیر حکومت چودھری پرویز اشرف کا عید ملن پارٹی سے خطاب

جمعہ 14 جولائی 2017 17:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدروسابق وزیر حکومت چودھری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میں میاں نوازشریف پر کرپشن ثابت ہوچکی ہے ۔ وہ اقتدار سے علیحدہ ہوجائیں ۔ آزادکشمیرمیں جعلی مینڈیٹ کے ذریعے قائم کردہ حکومت نے اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے ۔ آزادکشمیر حکومت نے بدترین سیاسی انتقام کے ذریعے عوام کو مشکلات سے دو چار کردیا ۔

پاکستان کے انتخابات کے ساتھ ہی آزادکشمیر میں بھی نئے انتخابات کروائے جائیں ۔ وہ آج یہاں یونین کونسل افتخار آباد شمالی کے گاؤں دھینگا والی میں سابق ممبر ضلع کونسل چودھری الطاف خان کی طرف سے دی گئی عید ملن پارٹی سے خطاب کررہے تھے اس ۔تقریب میں علاقے کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس تقریب سے چودھری الطاف خان ، حاجی دلاور، مشتاق چاڑ نے بھی خطاب کیا ، چودھری پرویز اشرف نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت کی انتقامی کارروائیاں انتہاء پر پہنچ چکی ہیں ۔

تعلیمی پیکج ختم کر کے قوم کے بچوں پر تعلیم کے دروازے بند کردیے گئے خاص کربھمبراور برنالہ میں لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم ہے ممبران اسمبلی لینڈ مافیا سے مل کر سینکڑوں کنال سرکاری اراضی الاٹ کروارہے ہیں ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں اس لئے اس حکومت کو برطرف کر کے پاکستان کے انتخابات کے ساتھ ہی آزادکشمیر میں بھی انتخابات کروائے جائیں تا کہ حکومت عوام کے حقیقی ووٹوں سے وجود میں آسکے ۔