کوہاٹ ،پولیس اور شیخان قوم کے مابین امن اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے منعقدہ گرینڈ جرگہ ، دوطرفہ تعاون پر اتفاق

جمعرات 13 جولائی 2017 21:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2017ء) کوہاٹ پولیس اور شیخان قوم کے مابین علاقائی امن اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے منعقدہ گرینڈ جرگہ میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔جرگے میںگائوں کی اراضی شاملات کا معاوضہ دلانے اور مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔گزشتہ روز کوہاٹ چھائونی سے ملحقہ گائوں شیخان میں تھانہ محمد ریاض شہید پولیس اور مقامی عمائدین و منتخب بلدیاتی نمائندوں کا ایک جرگہ منعقد ہوا ۔

جرگے میں ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین نے شرکاء پر واضح کردیا کہ وہ علاقائی امن کے قیام اور مجرمانہ سرگرمیوں کے سد باب کیلئے پولیس کیساتھ بھر پور تعاون کو یقینی بناتے ہوئے جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علاقے میں ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے علاقہ عمائدین ایسے قبیح اور غیر قانونی عوامل پر کڑی نگرانی رکھیںاور مرتکب افراد پر خود بھاری جرمانے عائد کرتے ہوئے انہیں قانون کی عملداری کا پابند بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ گائوں شیخان کے گرد واقع حساس تنصیبات کی حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے لہٰذا ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک افعال کے انسداد کیلئے اجتماعی کوششوں کو حال میں یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے سے بچا جاسکے ۔انہوں نے خبر دار کیا ہے کہ اگر اس سلسلے میںپولیس عوام کے باہمی تعاون میں فقدان کا کوئی عنصر آڑے آیا تو علاقے میں قانون شکن عناصر سے نہایت ہی سختی سے نمٹتے ہوئے بھر پور قوت کا استعمال کیا جائے گا اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کی خاطرگھر گھر آپریشن سمیت تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔

جرگے کے دوران شیخان کے ڈسٹرکٹ کونسلر الحامد نے قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چھائونی سے ملحقہ قومی شاملات کی اراضی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے حکومت مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ قوم کا دیرینہ حل طلب مسئلہ افہام و تفہیم سے پایہ تکمیل تک پہنچے۔اس موقع پر شرکاء نے منعقدہ جرگے کے مطلوبہ مقاصدکو پورا کرنے کیلئے پولیس انتظامیہ کیساتھ بھر پور تعاون یقینی بنانے کا اعادہ کیا ۔

جرگے کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہوائی فائرنگ اور اس جیسے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف علاقائی روایات کے مطابق سخت ترین کاروائی سے بھی دریغ نہیںکریں گے اور علاقائی امن کی خاطر تمام تر طبقاتی امتیاز سے بالاتر ہوکر قانون کی عملداری میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے ہر قسم کے تعاون کو یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :