امراض قلب سے متاثرہ شہریوں کی فوری مدد کے لئے قومی ادارہ برائے امراض قلب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، میئرکراچی

گلشن اقبال کے بعد گلبائی اور لیاری کے علاقے میںاین آئی سی وی ڈی آئوٹ ریچ چسٹ پین یونٹ کا قیام علاقہ مکینوں کے لئے خوشخبری ہے، وسیم اختر

جمعرات 13 جولائی 2017 19:28

امراض قلب سے متاثرہ شہریوں کی فوری مدد کے لئے قومی ادارہ برائے امراض ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ امراض قلب سے متاثرہ شہریوں کی فوری مدد کے لئے قومی ادارہ برائے امراض قلب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ، گلشن اقبال کے بعد گلبائی اور لیاری کے علاقے میںNICVD Outreach Chest Pain Unit کا قیام علاقہ مکینوں کے لئے خوشخبری ہے ، کوئی بھی کام مل کر کیا جائے تو اس کے نتائج اچھے نکلتے ہیں اس حوالے سے سول سوسائٹی حکومت سندھ اور بلدیاتی ادارے ایک پیج پر ہیں، فلاحی اداروں کی ایمبولینس سروسز کراچی میں انسانیت کی خدمت کر رہی ہیں میں ان سے کہوں گا کہ وہ قلب کے مریضوں کے لئے قائم کئے جانے والے ان یونٹس پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ضرورت پڑنے پر مریضوں کو فوری طور پر یہاں لا کر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جاسکے، یہ بات انہوں نے جمعرات کی صبح گلبائی برج کے نیچے قائم کئے جانے والے NICVD Outreach Chest Pain Unitکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جبکہ اس سے قبل میئر کراچی وسیم اختر اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی محترمہ شہلا رضا نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر یونٹ کا افتتاح کیا ، اس موقع پر قومی ادارہ امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر، امین ہاشوانی اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ گلشن چورنگی فلائی اوور کے نیچے قائم ہونے والے پہلے NICVD Outreach Chest Pain Unitکی کامیابی کے بعد اس نیٹ ورک کو پورے شہر میں پھیلانے کی ضرورت ہے کیونکہ سینے میں درد اور دل کے دورے میں ابتدائی لمحات انتہائی اہم ہوتے ہیں اور کم سے کم وقت میں فوری طبی امداد مل جائے تو مریض کی جان بچائی جاسکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ امراض قلب سے متاثرہ افراد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے جس کی مختلف وجوہات ہیں اور ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ایک انسان کی جان بچانے کے لئے ہم سے جو بھی ممکن ہوسکتا ہے ضرور کریں، انہوں نے محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ گلبائی برج کے نیچے جراثیم کش اسپرے کے لئے ٹیم بھیجیں تاکہ اطراف کے علاقے میں بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی کی ڈھائی کروڑ آبادی کے لئے اگر چہ یہ دو یونٹس ناکافی ہیں تاہم یہ ایک اچھی اور مثبت شروعات ہے جسے مزید وسعت دے کر انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دیا جاسکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ شہر میں مزید 6 مختلف مقامات پر یہ موبائل یونٹ قائم کرنے کا پلان بنایا گیا ہے جس کے لئے کراچی کے شہریوں کو قومی ادارہ برائے امراض قلب کا ممنون ہونا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :