موجودہ جے آئی ٹی کی طرح کی جے آئی ٹی آج تک نہیں بنی، شاہد خاقان عباسی

جمعرات 13 جولائی 2017 18:06

موجودہ جے آئی ٹی کی طرح کی جے آئی ٹی آج تک نہیں بنی، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2017ء) وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حالیہ جے آئی ٹی کی طرح کی جے آئی ٹی آج تک نہیں بنی جس پر شروع دن ہی سے تحفظات تھے لیکن اس کے باوجود ہم نے نہ خود کو احتساب کے لیے پیش کیا اور جے آئی ٹی سے بھرپور تعاون کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں بہت سی خامیاں موجود ہیں اور کوئی چیز بھی حقیقت پر مبنی نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ 30 سال سے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ہوں آج تک جماعت نہیں بدلی اور میں یہ بات دعوے سے کہتا ہوں کہ جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں جھوٹ کے لبادے میں کچھ حقائق کو رکھ کر پیش کیا گیا ہے اور یہی بات ہم نے عوام کی عدالت میں پیش کر دی ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے یہ خود تسلیم کیا ہے اور رپورٹ کے اندر موجود ہے کہ یہ ثبوت قانون شہادت کے اصولوں کے مطابق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی پوری رپورٹ میں کہیں کرپشن کا کوئی ذکر نہیں اور نہ ہی جے آئی ٹی اراکین کو یہ پتہ ہے کہ کارپوریٹ اکائونٹ کیسے بنتا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے اپنے رویے سے خود کو جانبدار ثابت کیا۔

یہ جے آئی ٹی کسی عدالت میں قابل قبول نہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان تو گزشتہ 4 سالوں سے استعفے مانگ رہے ہیں لیکن یہاں کوئی استعفے دینے والا نہیں۔ انہیں چاہیئے کہ وہ آئندہ عام انتخابات کا انتظار کریں اور عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارا اب بھی یہ مطالبہ ہے کہ جے آئی ٹی کی ویڈیو ریکارڈنگ بغیر ایڈیٹ کیے ہوئے سامنے لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :