وزیراعظم محمد نواز شریف کی کوئی کمپنی نہیں ہے، عرفان صدیقی

جمعرات 13 جولائی 2017 18:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی کوئی کمپنی نہیں ہے اور نہ ہی وزیراعظم محمد نواز شریف نے کوئی غیر قانونی یا ملکی قوانین سے بالاتر کوئی کام کیا ہے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دبئی والی کمپنی وزیراعظم محمد نواز شریف کے بیٹے حسین نواز کی تھی جو بند ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نہیں ہے بلکہ کسی طرح کی بھی عدالت بھی نہیں۔ جے آئی ٹی کا درجہ ایک لوکل کچہری کے مجسٹریٹ کا بھی نہیں ہے جس پر ہمیں اعتراضات ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ اسکی 90 فیصد چیزوں کو ہم سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے اس لیے سب کو انتظار کرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف مطمئن ہیں اور اپنا کام بہتر طریقے سے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 70سالہ ملکی تاریخ میں تحقیقات اور چھان بین کی اتنی باریک چھلنی میں سے کوئی بھی نہیں گزرا جس میں سے وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کا خاندان گزرا ہے لیکن اس کے باوجود ان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوا کیونکہ ان کا دامن صاف ہے۔ ماضی میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے خاندان پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگتے رہے ہیں لیکن وہ ان سب سے سرخرو ہوئے ہیں۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور جب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا ہے ملک و قوم نے ترقی ہی کی ہے۔ ہمارا حالیہ 4سالہ ریکارڈ بھی سب کے سامنے ہے، ہم نے ان 4 سالوں مین عوامی فلاح و بہبود کے لیے اتنے کام کیے ہیں جتنے ماضی کی کئی دہائیوں میں بھی نہیں کیے جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت کے استحکام سمیت توانائی بحران کے خاتمے اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے کوشان ہیں اور اس ضمن میں بہت اہم کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔ ہم پرعزم ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔