مسلم لیگ (ن) اور وزیر اعظم نواز شریف ایک بار پھر سرخرو ہوں گے،ماروی میمن

ْجے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کیا ہے، چار اپوزیشن پارٹیوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑیگا، بی آئی ایس پی سروے سیاست سے بالاتر کرکے مستحقین کو کارڈز فراہم کرینگے،مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنماء ماروی میمن کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 13 جولائی 2017 17:25

مسلم لیگ (ن) اور وزیر اعظم نواز شریف ایک بار پھر سرخرو ہوں گے،ماروی میمن
چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2017ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام( بی آئی ایس پی) کی کوارڈینیٹر اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنماء ماروی میمن نے کہا ہے کہ حکومت نے جے آئی ٹی رپورٹ مسترد کیا ہے۔ پی ایم ایل (ن) اور وزیر اعظم میاں نواز شریف ایک بار پھر سرخرو ہوں گے جبکہ چار اپوزیشن پارٹیوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑیگا۔ بی آئی ایس پی سروے سیاست سے بالاتر کرکے مستحقین کو کارڈز فراہم کرینگے۔

اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے چارسدہ ضلع میں بی آئی ایس پی سروے جائزہ لینے کے دورے کے بعد پی ایم ایل (ن) ضلع چارسدہ کے مرکزی دفتر میں محمدزئی یونین آف جرنلسٹس کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ایم ایل (ن) ضلع چارسدہ کے صدر میاں ہمایون شاہ کاکا خیل سمیت دیگر عہدیداران صفایت اللہ ترناؤ، احمد گل ڈھکی، حاجی ساجد گل، رحمت اللہ، شہریار خان عرف واوا، رضاء اللہ خان وغیرہ مسلم لیگ یوتھ ونگ کے شیراز خان، طارق جان، سوشل میڈیا چارسدہ کے انچارج میاں مزمل شاہ کاکا خیل اور دیگر پارٹی کارکنان نے بڑی تعداد میں بھی موجود تھے اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کے ذریعے بی آئی ایس پی کے فارمز سیاسی بنیادوں پر تقسیم کئے گئے اور مستحقین کو اُن کے حق سے محروم رکھا گیا تھا اُنہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں گھر گھر سروے کیا جارہا ہے اور سیاست سے بالاتر صاف و شفاف طریقے سے سروے کیا جارہا ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی سیاسی دباؤ اور سفارش کی گنجائش نہیں ہے اور نہایت شفاف طریقے سے مستحقین کو اُن کا حق اُن کے دہلیز پر مل جائیگا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اہلکاروں کو اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی اور بے قاعدگی برداشت نہیں کیجائیگی مستحقین کو اُن کا حق دیا جائے اور کسی کی حق تلفی نہ کریں اور کہا کہ بعض جگہوں پر بی آئی ایس پی سروے میں غلطیاں آئی ہیں جس کا ازالہ کیا جائیگا اور آئندہ غلطیوں سے پاک سروے کو یقینی بنایا جائیگا۔