سکول وین اور کمرشل گاڑیوں میں غیر معیاری سی این جی سلینڈرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

جمعرات 13 جولائی 2017 16:21

سکول وین اور کمرشل گاڑیوں میں غیر معیاری سی این جی سلینڈرز کے خلاف کارروائی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2017ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سکول وین اور کمرشل گاڑیوں میں غیر معیاری سی این جی سلینڈرز کا استعمال گاڑی میں بیٹھنے والے اسکول کے بچوں اور مسافروں کے لئے کسی بم سے کم نہیں، ان گاڑیوں میں غیر معیاری سی این جی سلنڈرز کے استعمال کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے اور اس سلسلے میں سخت اقدامات کئے جائیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ عبدالرحیم سومرو، سیکرٹری ٹی اے منظور اور ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر ٹرانسپورٹ نے اس موقع پر افسران کو ہدایت کی کہ وہ قانون ،حکومت اور ادارے کی رٹ قائم کرائیں اور عوام کے بہتر مفاد اور حکومت کے مثبت امیج کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ عید کے موقع پر عوام سے زائد کرایہ وصول کرنے اور روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 159 انٹر سٹی بسوں کا چالان کیا گیا اور ڈرائیوروں پر دولاکھ 81ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مسافروں سے لیا گیا چار لاکھ 17 ہزار 800 روپے زائد کرایہ انہیں واپس کردیا گیا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ غیر معیاری سی این جی سلینڈرز استعمال کرنے والی 948 اسکول وین کو چیک کیا گیا، 428 غیر معیاری سی این جی سلنڈرز نکال کر قبضے میں لئے گئے جبکہ 9 لاکھ 33 ہزار 850 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔

ریونیو کے حوالے سے کارکردگی بتاتے ہوئے صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ سال 2014-15ء میں ایک کروڑ2 77لاکھ 5ہزار 970 روپے، سال 2015-16ء میں دو کروڑ ایک لاکھ 14 ہزار 880 روپے جبکہ 2016-17ء میں دو کروڑ 22 لاکھ 16 ہزار 701 روپے روٹ پرمٹ فیس اور دیگر حوالوں سے ریونیو وصول کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :