سیاسی جماعتیں الیکشن ایکٹ 2017ء کے جلد سے جلد نفاذ کیلئے کوششیں تیز کریں، نئے الیکشن ایکٹ کی پارلیمنٹ سے منظوری میں تاخیر ہوئی تو آئندہ انتخابات کیلئے نئے ایکٹ کے تحت انتظامات و تیاریاں کرنا مشکل ہو جائے گا،چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا خان کا پارلیمانی کمیٹی برائے اصلاحات میں نمائندگی رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو خط

بدھ 12 جولائی 2017 23:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2017ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا خان نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے جلد سے جلد نفاذ کیلئے کوششیں تیز کریں۔ پارلیمانی کمیٹی برائے اصلاحات میں نمائندگی رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو لکھے گئے ایک خط میں انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے نفاذ کا عمل تیز کیا جائے تاکہ الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کیلئے انتظامات کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی اصلاحات کا عمل حتمی مرحلہ میں ہے۔ اس حوالہ سے پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات اور اس کی ذیلی کمیٹی 2014ء کے وسط سے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بل میں اہم نوعیت کی تبدیلیاں متعارف کرائی جا رہی ہیں جس کیلئے الیکشن کمیشن کو آئندہ انتخابات سے قبل اپنا میکنزم بنانا ہو گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے سپیکر قومی اسمبلی کو پہلے ہی درخواست کر رکھی ہے کہ کمیٹی کو اپنی سفارشات کو حتمی شکل دینے کا کہا جائے اور ضروری قانون سازی کیلئے بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن ایکٹ کی پارلیمنٹ سے منظوری میں تاخیر کی صورت میں الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ انتخابات کیلئے نئے ایکٹ کے تحت انتظامات و تیاریاں کرنا مشکل ہو جائے گا۔