غیر معیاری اور ناقص سی این جی سلنڈر والی گاڑیوں کے خلاف 15 روزہ آگاہی مہم کا آغاز

بدھ 12 جولائی 2017 22:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2017ء) ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب احمد کی ہدایت پر غیر معیاری اور ناقص سی این جی سلنڈر والی گاڑیوں کے خلاف 15 روزہ آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے، 15 روز بعد تمام سی این جی والی گاڑیوں خصوصاً روٹ والی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کو چیک کیا جائے گا اور ناقص اور گنجائش سے زیادہ سلنڈر رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، سی این جی سلنڈر کی میعاد ختم ہونے پر شہری اپنی گاڑیوں کے سلنڈر مکینک کو چیک اور انہیں تبدیل کرائیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ان کو حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں اس سلسلہ میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ناقص اور گنجائش سے زیادہ سی این جی سلنڈر رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف 15روزہ آگاہی مہم جاری ہے جس میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ایجوکیشن ٹیم کے علاوہ خصوصی ٹیمیں اسلام آباد کے مختلف اڈوں، بس/ویگن کے سٹاپ پر تعینات ہیں اور سی این جی سلنڈر والی گاڑیوں کو آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب احمد نے تمام زونز کے ڈی ایس پیز اور انسپکٹر صاحبان کو ہدایات جاری کر دی ہیں، 15روز کی آگاہی مہم کے بعد ناقص اور قانون کے مطابق مقرر کردہ سی این جی سلنڈر کی تعداد سے زائد سلنڈر رکھنے والی تمام قسم کی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب احمد نے شہریوں اورگاڑی مالکان سے اپیل کی ہے کہ دوران سفر سگریٹ نوشی سے پرہیز کیا جائے اور گاڑی میں لگے سی این جی سلنڈرکی میعاد ختم ہونے پر مکینک کو چیک کرائے جائیں اور انہیں تبدیل کرایا جائے۔ نیز گاڑی کو سی این جی پر چلانے سے پہلے بھی چیک کیا جائے تاکہ حادثات پر قابو پایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :