کہدہ اکرم دشتی ، انجینئر حمید بلوچ و دیگر کی کمشنر مکران سے ملاقات

ملاقات میں نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے باتیل ہائوسنگ اسکیم اورماڑہ اور مانبر ہائوسنگ پشکان کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا

بدھ 12 جولائی 2017 14:21

کہدہ اکرم دشتی ، انجینئر حمید بلوچ و دیگر کی کمشنر مکران سے ملاقات
تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2017ء) نیشنل پارٹی (بلوچستان ) کے صدر کہدہ اکرم دشتی ، مرکزی نائب صدر انجینئر حمید بلوچ ، ڈسٹرکٹ کیچ کے صدر محمد جان دشتی اور ڈسٹرکٹ کیچ کے سابق صدر طاہر بلوچ نے کمشنر مکران سے ملاقات کی اور باتیل ہائوسنگ اسکیم اورماڑہ اور مانبر ہائوسنگ اسکیم پشکان میں الاٹمنٹ کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ ڈی سی گوادر نے پشکان میں ہائوسنگ اسکیم کے حوالے سے پشکان کے عوام سے یہ وعدہ کیا تھا کہ چونکہ یہ ہائوسنگ اسکیم پشکان میں واقع ہے اس لئے مقامی آبادی کو ترجیحی بنیاد پر پلاٹ الاٹ کئے جائیں گے اور پشکان کے تمام مقامی افراد جنہوں نے پلاٹ کے لئے درخواستیں جمع کرادی تھیں انہیں پلاٹ الاٹ کئے جائیں گے لیکن مقامی افراد کو 100 فیصد الاٹمنٹ کے بجائے صرف 20 سے 25 فیصد مقامی لوگوں کو پلاٹ الاٹ کئے گئے اور بندر بانٹ کی گئی جبکہ نیشنل پارٹی کے حمایتیوں کو پلاٹ کے حصول سے محروم رکھا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باتیل ہائوسنگ اسکیم جو اورماڑہ میں واقع ہے میں بھی وہی رویہ رکھا جارہا جو مانبر ہائوسنگ اسکیم میں رکھا گیا ۔ انہوں نے کمشنر مکران سے اپیل کی کہ وہ اپنے سرکاری اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ اورماڑہ کے تمام افراد جنہوں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں کو پلاٹ الاٹ کئے جائیں گے اور اس اسکیم کی باقاعدہ تشہیر نہیں کی گئی اس وجہ سے بہت سارے مقامی افراد اس اسکیم سے لاعلم ہیں لہذا الاٹمنٹ کی مدت بڑھائی جائے اور اس کے ساتھ ساتھ مانبر ہائوسنگ اسکیم پشکان کے تمام درخواست دہندگان کو پلاٹ الاٹ کئے جائیں ۔