امریکی سینیٹ کے ری پبلکن ارکان اوباما ہیلتھ کیئر کا متبادل پیش کرنے میں ناکام

اوباما کیئر کا متبادل پیش نہ کیا تو مزید امریکیوں کو نقصان پہنچنے والا ہے، سینیٹ کے اکثریتی لیڈرمچ مک کونل

بدھ 12 جولائی 2017 12:42

امریکی سینیٹ کے ری پبلکن ارکان اوباما ہیلتھ کیئر کا متبادل پیش کرنے ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2017ء) امریکی سینیٹ کے ریپبلکن ارکان ابھی تک سابق صدر براک اوباما کے اوباما کئیر نامی ہیلتھ کیئر کے قانون کی منسوخی اور اس کا متبادل لانے کا کوئی قانونی فارمولا تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ری پبلکن کنٹرول کی کانگریس کے ارکان پر صدر ٹرمپ زور دے رہے ہیں کہ وہ اگست کی اپنی تعطیلات تک صحت کی دیکھ بھال کا ایک نیا بل پیش کر دیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق قدامت پسند ری پبلکن ارکان ہیلتھ کئیر میں وفاقی حکومت کے عمل دخل میں نمایاں کمی لانا چاہتے ہیں لیکن اعتدال پسندوں کو فکر ہے کہ اس سے غریب اور کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے شہری صحت کی دیکھ بھال کی کوریج سے محروم ہو جائیں گے ۔ تاہم ری پبلکن سینیٹر ز کے درمیان گفت و شنید جاری ہے، سینیٹ کے اکثریتی لیڈرمچ مک کونل نے کہاکہ حالات کا جوں کا توں رہنا کارگر نہیں ہو رہا۔ان کا کہنا تھا کہ اوباما کئیر کئی سال سے خاتمے کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ آج یہ مکمل خاتمے کے قریب ہے۔ اگر ہم نے اس بارے میں کچھ نہ کیا تو مزید امریکیوں کو نقصان پہنچنے والا ہے۔ اور اوباما کئیرکیفی الواقع مکمل خاتمے سے قبل ہم پر ان کی مدد کی ذمہ داری عائد ہے۔